فر ائض سے غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی، عبد الغفور بیگ

پیر 13 اگست 2018 23:56

ڈی آئی خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2018ء) کمشنر مردان ڈویژن عبدالغفور بیگ نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کا حل سرکاری محکموں کی اولین ذمہ داری ہے سرکاری افسران عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں ۔فر ائض سے غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کی جائے گی ۔وہ ٹی ایم اے لان تخت بھائی میںکھلی کچہری سے خطاب کررہے تھے ۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مردان محمد عثمان محسود ،اسسٹنٹ کمشنر رحمت علی وزیر اور ٹی ایم او فرمان علی خان کے علاوہ مختلف سرکاری محکموں کے ڈویژنل اور ضلعی سربراہان بھی موجود تھے۔کھلی کچہری میں وکلاء، ضلعی و تحصیل کونسلروں ، ویلج اورنیبرھڈ کو نسلوں کے ناظمین اور ارکان کے علاوہ کاشتکاروں ،تاجروں اور علاقہ عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور کمشنر و ڈپٹی کمشنر کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

مقامی لوگوں نے تخت بائی اور نواحی علاقوں میں صفائی کی ناقص صورتحال ، نکاسی آب کی ابتر حالت ،ناجائز تجاوزات ، بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ ، غیر قانونی ایکسرے کلینکس اورعطائیت ، تخت بائی تحصیل میںاراضی کے انتقالات کی بندش ، بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے ازالے اور قبرستانوں کی زمینوں پر ناجائز قبضوں کے حوالے سے اپنے مسائل سے انتظامیہ کے اعلیٰ افسروں کو آگاہ کیا اور ان سے مطالبہ کیا کہ ان کے مسائل حل کیے جائیں ۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر اور ٹی ایم او نے ان مسائل کے حوالے سے اب تک کیے گئے اقدامات سے حاضرین کو آگاہ کیا ۔ڈپٹی کمشنر محمد عثمان محسود نے کھلی کچہری میں شرکت پر علاقے کے عمائدین اور منتخب نمائندوں کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ کمشنر مردان عبدالغفور بیگ کی سرپرستی میں تمام سرکاری ادارے ان کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کریں گے۔

مہمان خصوصی کمشنر مردان عبدالغفور بیگ نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ کھلی کچہریوں کے انعقاد کا مقصد عوام کے مسائل سے براہ راست آگہی اور ان کے حل کے لیے فوری اقدامات اُٹھا نا ہے ۔اُنہوں نے موقع پر موجود اعلیٰ افسران کو ہدایت کی کہ تحصیل تخت بائی کے عوام کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کارلائیں اور اس حوالے سے ان کو ہفتہ وار بنیادوں پر رپورٹ دی جائے ۔اُنہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور دیگر محکموں کے افسران عوام سے قریبی رابطہ رکھیںاور عوامی نمائندوں کی مشاورت سے لوگوں کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کریں ۔اُنہوں نے واپڈا حکام کو ہدایت کی کہ بجلی سے متعلق عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے ۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں