تحصیل پہاڑپور میں پودے لگائے گئے ،آگہی واک کا بھی اہتمام

بدھ 17 اکتوبر 2018 22:33

ڈ ی آئی خان۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) ملک کے دیگر حصوں کی طرح ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی حکومتی فیصلے کے مطابق صاف اور سرسبز و شاداب پاکستان مہم زور و شور سے جاری ہے اور اسی سلسلے میں تحصیل پہاڑپور میں پودے لگائے گئے اور آگہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پہاڑپور نے درختوں کی افادیت اجاگر کرتے ہوئے شرکاء پر زور دیا کہ حکومت کی طرف سے جاری کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے معاشرے کے تمام افراد کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس مہم میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ ہمیں اور ہماری آنے والی نسلوں کو صاف شفاف اور پرفضا ماحول میسر آ سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور خوبصورت اور صاف ستھرا ماحول ہماری زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے تاہم ہمیں چاہیے کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر حکومتی کوششوں میں ہاتھ بٹائیں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے گھروں ، محلے، گلی کوچوں اور اردگرد کے ماحول کو صاف شفاف رکھ کر حکومت کی طرف سے جاری صاف اور سرسبز و شاداب پاکستان مہم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلدیات، پرنسپل و وائس پرنسپل گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول پہاڑپور اور دیگر معززین علاقہ بھی انکے ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں