عوام کے ساتھ غیر مہذب رویہ قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا، ڈی پی او ظہور بابرآفریدی

بدھ 14 نومبر 2018 20:20

ڈی آئی خان۔14 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ظہور بابرآفریدی نے پولیس افسران پر زوردیا ہے کہ وہ اپنے فرائض پیشہ وارانہ تقاضوں اور عوامی توقعات کے مطابق ادا کریں ‘عوام کے ساتھ غیر مہذب رویہ قطعی برداشت نہیں کیا جائے گا‘تمام مکاتب فکر کے افراد کو اعتماد میں لے کر کسی بھی مسئلہ کو امن وامان کی صورتحال خراب ہونے سے پہلے ہی حل کرنے کی کوشش کریں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے امن وامان کی مجموعی صورتحال ،جرائم کی شرح اور پولیس کی استعداد کار کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ پولیس افسران کے اعلی سطحی اجلاس کے دوران کیا ۔ڈی پی او ڈیرہ نے پولیس افسران پر دوٹوک الفاظ میں واضح کردیا کہ قانون کی نظر میں امیر غریب سب برابر ہیں ‘قانون سے بالا ترکوئی نہیں ‘عوام کو پولیس کی طرف سے فراہم کردہ سروسز کے تناظر میں اپنے ماتحت پولیس اہلکاروں کو پہلے سلام پھر کلام اور عوام خصوصاًتھانوں میں آنیوالے سائلین کے ساتھ حسن سلوک روا رکھنے کی تلقین کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے پولیس افسران کو ہدایات جاری کی کہ ضلع بھر میں منشیات فروشوں ،جوئے اور سود خوروں کے خلاف کریک ڈائون شروع کریں ‘منشیات فروش اور جوئے کے اڈے چلانے والے افراد کو گرفتار کرکے انہیں میڈیا کے سامنے پیش کریں ۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری میں ہر عام وخاص کو مدعو کیاجائے ۔انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی وہ قومی ایکشن پلان پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں اور اس میں شامل تمام نکات پر اس کی اصل روح کے مطابق قانونی کاروائی عمل میں لائیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ مجرمانہ سرگرمیوں کے تدارک کیلئے مشکوک افراد کی کڑی نگرانی یقینی بنائی جائے‘چادر اور چاردیواری کا تحفظ یقینی بنایا جائے‘گھروں کی تلاشی کے دوران لیڈی کانسٹیبل کے ذریعے خواتین کی تلاشی لی جائے ‘کرایہ گھروں میں مقیم افراد کا ڈیٹا اکٹھا کرکے کرایہ داروں کی از سرنورجسٹریشن کا عمل دہرایا جائے ۔انہوں نے افسران کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ مساجد ومدارس میں موجود افغان پیش اماموں اور طلباء کی فہرستیں مرتب کرکے سفری وشناختی وستاویزات کے بغیر علاقے میں مقیم غیر ملکی باشندوں کے خلاف قانی کاروائی عمل میں لائیں ۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں