بجلی چوری ، ناجائز جرمانوں اور بے جا لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے واپڈا حکام تمام وسائل بروئے کار لائیں، ڈپٹی کمشنرڈیرہ اسماعیل خان

جمعرات 13 دسمبر 2018 23:33

ڈیرہ اسماعیل خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ برکت الله مروت نے کہا ہے کہ بجلی چوری ، ناجائز جرمانوں اور بے جا لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے واپڈا حکام تمام وسائل بروئے کار لائیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج اپنے دفتر میں بجلی چوری کی روک تھام سے متعلق ٹاسک فورس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، ایکسین رورل ، اربن، اسسٹنٹ کمشنرز، سپیشل برانچ کے افسران و دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ انرجی اینڈ پاور سے متعلق ٹاسک فورس روزانہ کی بنیا د پر کارکردگی رپورٹ پیش کر رہی ہے۔ اب تک 30کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری کی جا چکی ہے جبکہ مزید کاروائیاں بھی جاری ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ایف آئی آر کے اندراج اور میٹر نہ اتارنے کی عدالتی پابندی کی وجہ سے مہم میں کچھ حد تک کمزوری واقع ہوئی ہے مگر اس کے باوجود قومی ادارے کو نقصان سے بچانے کیلئے مہم زور و شور سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام ، ناجائز جرمانوں اور بے جا لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے جاری مہم کی کامیابی کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔ اس سلسلے میں میڈیا کے کردار کو بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ میڈیا کے ذریعے بجلی چوری کے نقصانات کی اہمیت کو اجاگر کرنا چاہیے۔ عوامی روابط کو مضبوط کرنا چاہیے۔

انہوں نے واپڈا حکام کو ہدایت کی کہ ناجائز جرمانوں ہی کی وجہ سے عوام بجلی چوری پر مجبور ہوتے ہیںلہذا نا جائز جرمانوں سے گریز کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام کیلئے قائم کردہ ٹاسک فورس ، بقایا جات کی ریکوری اور کنڈے ہٹانے پر تمام توجہ مرکوز کریں۔ انہوں نے واپڈا حکام پر زور دیا کہ ناجائز جرمانے کنٹرول کریں تاکہ غیر قانونی کنکشن میں اضافہ نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ نادہندگان کو قانون کے دائرے میں لانے کیلئے ضروری ہے کہ انہیں نئے میٹر لگانے پر مجبور کیا جائے تاکہ ریکوری مہم میں بھی آسانی ہو۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں