ڈیرہ اسماعیل خان، باپ کو قتل کرنے کے مقدمہ میں گرفتار ملزم کی درخواست ضمانت مسترد

بدھ 16 جنوری 2019 17:56

ڈیرہ اسماعیل خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) ایڈیشنل سیشن جج ii ڈیرہ عثمان ولی خان نے تھانہ یارک کی حدود علاقہ سدرہ شریف میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے باپ کو قتل کرنے کے مقدمہ میں گرفتار ملزم ضیاء الرحمٰن کی درخواست ضمانت راضی نامہ کے باوجود خارج کرکے اسے جیل میں ہی بند رکھنے کے احکامات جاری کردیئے ۔پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ یارک کی حدود سدرہ شریف میں گھریلو لڑائی جھگڑے دوران 57 سالہ مہربان ولد اللہ ڈتہ قوم بالی سکنہ سدرہ شریف نے اپنے بیٹے تیس سالہ ضیاء الرحمٰن کی ٹانگ پر پسٹل سے فائرنگ کرکے اسے زخمی کردیا ۔

اس دوران اس کے ہاتھ سے پسٹل نیچے گر گیا جوکہ زخمی بیٹے نے اٹھا کر اسی پسٹل سے اپنے باپ پر فائرنگ کرکے اسے قتل کردیا۔

(جاری ہے)

پولیس ملزم کو زخمی حالت میں آلہ قتل پسٹل سمیت حراست میں لے لیا ۔وجہ عداوت گھریلو ناچاقی بیان کی گئی ہے ۔پولیس نے ملزم کی ہی رپورٹ پر اس کے خلاف قتل اور اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا ۔ملزم نے عدالت میں ضمانت پر رہائی کی درخواست دائر کی ۔ملزم کی والدہ اور دیگر قانونی ورثاء عدالت میں پیش ہو ئے اور عدالت کو بتایا کہ انہوں نے ملزم کو معاف کردیاہے ۔لیکن عدالت نے راضی نامہ قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے سگے باپ کو قتل کرنے کے جرم کو انتہائی سنگین قراردیتے ہوئے اس کی درخواست ضمانت خارج کرکے اسے جیل میں ہی بند رکھنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں