ڈی آئی خان ،چیئر مین شعبہ فزیکل ایجوکیشن کی زیر صدارت گومل یونیورسٹی کی سالانہ انٹرکالجز سپورٹس میٹنگ

تعلیم کے ساتھ ساتھ جسمانی نشوونما اور ہم نصابی سرگرمیاں بھی طلباء کیلئے نہایت ضروری ہیں،پروفیسر ڈاکٹرصلاح الدین

بدھ 18 ستمبر 2019 18:45

ڈیرہ اسما عیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2019ء) گومل یونیورسٹی کی سالانہ انٹرکالجز سپورٹس(میل /فی میل) کی میٹنگ کا انعقاد زیر صدارت چیئر مین شعبہ فزیکل ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر صلاح الدین ہوا۔ اس موقع پر میٹنگ میں ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن الحاج دلنواز خان ،ڈائریکٹر سپورٹس نجم الدین، پرنسپل وینسم کالج، سردار فتح اللہ خان سلیمانی خیل،پرنسپل لاء کالج عائشہ رسول،سمیت دیگر افسران اور تمام ایفیلیٹڈ کالجز کے شعبہ فزیکل ایجوکیشن کے اساتذہ نے بھی شرکت کی۔

میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹرصلاح الدین نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ جسمانی نشوونما اور ہم نصابی سرگرمیاں بھی طلباء کیلئے نہایت ضروری ہیں۔ اس قسم کے مقابلوںسے اس خطے کے کئی طلباء کو چھپا ہونا ہنر بھی سامنے آتا ہے جو آگے بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لے کر اپنا، اس مادر علمی کا ، اپنے علاقہ اور خصوصا اس ملک کا نام روشن کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سرور چوہدری نے ہمیشہ طلباء کو تعلیم کے ساتھ ساتھ سپورٹس مقابلوںمیں بھی ہر قسم کی سہولیات فراہم کیں اور اس مقصد کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے پاک فوج کے تعاون سے بین الاقوامی معیار کا سپورٹس کمپلیکس بنایا جا رہاہے جو جلد مکمل ہو جائے گا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس نجم الدین نے سالانہ انٹر کالجز سپورٹس بارے تمام ممبران کو تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ٹورنامنٹ 15اکتوبر2019سے شروع ہو گا جسمیں ڈیرہ ،پہاڑپور، پروآ،ٹانک، وانا، لدھا،درازندہ ،جنڈولہ ، ایف آر کے تمام ڈگری کالجز ، گومل میڈیکل کالجزکے میل اور فی میل ٹیمیں مختلف مقابلوں میں شرکت کریں گی اور یہ ٹورنامنٹ 10جنوری2020کو اختتام پزیر ہو گا۔

اس ٹورنامنٹ میں کرکٹ، فٹ بال، ہاکی، والی بال، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس سمیت دیگر میچوں کاانعقاد گومل یونیورسٹی سمیت دیگر مختلف کالجوں میں کرایا جائے گا۔ جن کا تعین کرا دیا گیا ہے اور ان کالجوں کو بتابھی دیا گیا ہے تاکہ وہ اس بارے میں اپنی تمام تر تیاریاں مکمل کر لیں۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں