سرکاری ملازمین اور سول ایڈ منسٹریشن کو دیانتداری اور جانفشانی سے کام کرنے کے ساتھ ساتھ عوام سے مضبوط روابط استوار کرنے چاہئیں،سلیم خان

بدھ 16 اکتوبر 2019 18:23

ڈیرہ اسماعیل خان۔16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) سرکاری ملازمین بالخصوص سول ایڈ منسٹریشن کو دیانتداری اور جانفشانی سے کام کرنے کے ساتھ ساتھ عوام سے مضبوط روابط استوار کرنے چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا سلیم خان نے گزشتہ شب جر گہ ہال کمشنر آفس ڈیرہ اسماعیل خان میں اپنے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر کمشنر ڈیرہ جاوید مروت، ایڈیشنل کمشنر ڈیرہ کے علاوہ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کے ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران موجود تھے۔چیف سیکرٹری نے اپنے خطاب کے دوران انتظامی افسران کو اپنی 29سالہ طویل مدت ملازمت کے دوران حاصل کئے گئے تجربے کے نچوڑ سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بحیثیت انتظامی افسر آپ لوگوں کو ہر وقت کسی بھی قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب افسر بننے کیلئے نہ صرف اپنے کام پر مکمل عبور حاصل کرنا ضروری ہے بلکہ عوام خصوصا عام آدمی سے براہ راست تعلق استوار کرنا بھی شرط اول ہے کیونکہ ہماری ذمہ داری بنیادی طور پر شہریوں کو انصاف اور ان کے بنیادی حقوق کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔سلیم خان نے کہا کہ اپنی طویل عرصہ ملازمت کے بعدمیں مطمئن دل کے ساتھ ریٹائر ہو رہا ہوں کیونکہ میں نے اپنی بساط کے مطابق ہمیشہ عام آدمی کی خیر و فلاح کو ہر کام پر ترجیح دی ہے۔

آپ بھی اگر ایسا رویہ اختیار کریں گے تو نہ صرف آپ کو عزت ملے گی بلکہ عوام میں آپ کا اچھا تاثر قائم ہو گا جس سے کامیاب ایڈمنسٹریشن کی بنیاد پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ کامیاب ایڈمنسٹریشن کا مطلب ڈنڈا لہرانا ہرگز نہیں بلکہ ہمیشہ قانون کے دائرے میں رہ کر ایسا کام کرنا چاہیے جس میں طاقت کا کم سے کم استعمال ہو۔چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا سلیم خان نے مزید کہا کہ میرے ادارے نے مجھے بہت کچھ دیا ہے جس کی وجہ سے میرے دل میں اپنے ادارے کی بہت عزت ہے یہی وجہ ہے کہ میں نے خاموشی سے جانے کی بجائے پورے صوبے میں پھیلے ہوئے اپنے افسروں کو شاباش دے کر اور ان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے جانے کو ترجیح دی۔

انہوں نے تمام افسروں کو نصیحت کی کہ وہ ایک ٹیم کے طور پر کام کریں کیونکہ اس سے مضبوطی آتی ہے اور بڑے سے بڑے چیلنج کا بھی آپ ٹیم ورک کی مدد سے مقابلہ کر سکتے ہیں۔بعد ازاں کمشنر جاوید مروت اور ڈپٹی کمشنروں نے چیف سیکرٹری کو سوینیئر اور یادگاری شیلڈ پیش کیں۔ اپنے دورہ ڈیرہ اسماعیل خان کے دوران چیف سیکرٹری نے ڈیرہ کے سیاحتی مقام شیخ بدین کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر کمشنر جاوید مروت اور ڈپٹی کمشنر محمد عمیر بھی انکے ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں