ڈیرہ اسماعیل خان، پنچائیت کے فیصلہ پر چار سالہ معصوم بچی کو ظالمانہ رسم ونی کی بھینٹ چڑھا دیاگیا

جمعرات 17 اکتوبر 2019 17:48

ڈیرہ اسماعیل خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) تحصیل پہاڑپور کے علاقہ جھوک عمرے والی میں پنچائیت کے فیصلہ پر چار سالہ معصوم بچی کو ظالمانہ رسم ونی کی بھینٹ چڑھا دیاگیا ،معصوم بچی کا نکاح بائیس سالہ نوجوان کے ساتھ کرنے کی اطلاع پر پولیس حرکت میں آگئی ،بچی کے والد کی رپورٹ پر نکاح خواہ سمیت سات افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق تحصیل پہاڑپور کے علاقہ جھوک عمرے والی میں پنچائیت نے چار سالہ معصوم بچی کا بائیس سالہ نوجوان کے ساتھ نکاح کرانے کا فیصلہ جاری کردیا اور بعدازاں اپنے ظالمانہ فیصلے پر عمل درآمد کرنے کے لئے بچی کا نکاح نوجوان کے ساتھ زبردستی پڑھادیاگیا ۔ذرائع کے مطابق جھوک عمرے والی کے رہائشی نوجوان کاپڑوسی جوانسال لڑکی کے ساتھ ناجائز تعلقات کا علم ہونے پر لڑکی کے اہل خانہ معاملے کو پنچائیت میں لے گئے جہاں پر پنچائیت نے نوجوان کی چار سالہ بہن کا نکاح لڑکی کے بائیس سالہ بھائی کے ساتھ ونی کرنے کا ظالمانہ فیصلہ جاری کردیا ۔

(جاری ہے)

پنچائیت کے فیصلے پر معصوم بچی کا نکاح زبردستی بائیس سالہ نوجوان کے ساتھ پڑھا بھی دیا گیا اور بچی کے والد کو ڈرایا دھمکایا گیا کہ اگر اس نے زبان کھولی تو اسے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے ،واقعہ کی اطلاع ملنے پر پہاڑپور پولیس حرکت میں آگئی اور معصوم بچی کے والد کی رپورٹ پر نکاح خواں مولوی ہدایت الرحمن اور پنجایت کے سرپنچ ملک اختر سمیت سات افراد کے کیخلاف مقدمہ جرم زیر دفعات 310A- 506 ت پ درج کر لیا۔پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنے شروع کردیئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں