ڈیر ہ اسماعیل خان ، دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سی ٹی ڈی پولیس کا چھاپہ،فائرنگ کے تبادلے میں ہیڈ کانسٹیبل شہید، ایک اہلکار زخمی ،دہشتگرد فرار

پولیس اور سیکورٹی فورسز کا علاقے میں سرچ آپریشن،6مشکوک افراد کو گرفتار ،اسلحہ برآمد ، شہید پولیس کانسٹیبل کی نماز جنازہ ادا کرکے سپردخاک کردیا گیا

بدھ 23 اکتوبر 2019 18:58

ڈیر ہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2019ء) پولیس کو مطلوب دہشتگردی، قتل ، اغوائیگی اوور پولیس پر حملوں کے مقدمات میں مطلوب اقبال کھیارہ گروپ کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سی ٹی ڈی پولیس کا رمک شہر میں چھاپہ، دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں ہیڈ کانسٹیبل شہید، ایک اہلکار زخمی ہوگیا، دہشتگرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے، پولیس اور سیکورٹی فورسز کا علاقے میں سرچ آپریشن،6مشکوک افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا، شہید پولیس کانسٹیبل کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کرکے آبائی علاقے میں سپردخاک کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے تحصیل پروآکے علاقہ رمک میں پولیس کو مطلوب دہشتگردی، قتل ، اغوائیگی اور پولیس پر حملوں کے مقدمات میں مطلوب اقبال کھیارہ عرف بالی کھیارہ گروپ کے دہشتگردوں دو سگے بھائیوں نثار معاویہ اور ابرار معاویہ کی موجودگی کی اطلاع پر رات گئے ان کے گھر پررمک کے علاقہ میں چھاپہ مارا۔

(جاری ہے)

اس دوران پولیس پر دہشتگردوں کی جانب سے فائرنگ اور دستی بم حملے کے نتیجے میں حوالدار نور ولی شاہ شہید جبکہ کانسٹیبل جہانگیر زخمی ہوگیا۔ پولیس کی جوابی فائرنگ کے دوران نامعلوم دہشتگرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے۔ دہشتگردوں کے فرار کے بعد پولیس اور سیکورٹی فروسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقہ کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن کے دوران6مشکوک افراد کو حراست میں لیکر اسلحہ برآمد کرلیا اور گرفتار افراد کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

ادھر مبینہ پولیس مقابلے میں شہید ہونیوالے سی ٹی ڈی پولیس کے حوالدار نور ولی شاہ کی نماز جنازہ پولیس لائن میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، نماز جنازہ میں ایس پی ایف آر پی امان اللہ خان، ڈی ایس پی ایلیٹ ملک یوسف، ڈی ایس پی سٹی و کینٹ سید افتخار شاہ و دیگر پولیس حکام و اہلکاروں نے شرکت کی،نماز جنازہ کے بعد شہید کو سلامی اور پھولوں کی چادر چڑھائی گئی ، بعدازاں شہید اہلکار کو آبائی علاقے میں سپردخاک کردیا گیا۔

دوسری جانب زخمی ہونیوالے کانسٹیبل جہانگیر کو طبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈیرہ منتقل کردیا گیا جہاں اسکی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ دلاور خان بنگش نے ہسپتال جاکر زخمی اہلکار کی عیادت کی اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کہ وہ زخمی اہلکار کی ہر ممکن دیکھ بھال کریں۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں