طلبا کوبہترین ،معیاری تعلیم کی فراہمی میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا'وائس چانسلر گومل یونیورسٹی

جمعہ 5 اگست 2022 22:23

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2022ء) گومل یونیورسٹی کے ملحقہ کالجوں میں طلبا کوبہترین اورمعیاری تعلیم کی فراہمی میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے گومل یونیورسٹی سے ملحقہ کالجز کے حوالے سے ہونے والی میٹنگ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر رجسٹرار گومل یونیورسٹی سمیت تمام شعبہ جات کے ڈینز، ڈائریکٹر اکیڈمکس ، ڈپٹی رجسٹرارایفیلی ایشن سمیت ڈائریکٹر جنرل کامرس اورکوارڈینیٹرجی ایم سی بھی موجود تھے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ وہ کالجز جہاں دو مستقل اساتذہ نہ ہوں وہ ایسوسی ایٹ ڈگری شروع نہیں کر سکتے اورجہاں 4مستقل اساتذہ نہ ہوں تو وہ بی ایس ڈگری پروگرام شروع نہیں کروا سکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کچھ کالجز کا معیار تعلیم بہتر بنانے کیلئے بارہا تنبیہ کیا گیا اور انہیں شوکازنوٹس بھی جاری کئے گئے مگر بہتری نہ آنے کی وجہ سے ان کالجز کے گومل یونیورسٹی سے الحاق کو ختم کر دیا گیا ہے ۔ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ اکیڈمکس کو مزید بہتر بنانے کیلئے اکیڈمک کلینڈر پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہاہے لہٰذاتمام ملحقہ کالجز کے سربراہان معیار تعلیم کو بہتر بنائیں اس بارے میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی اور کوتاہی برداشت نہیں ہو گی۔

وائس چانسلر نے ایفی لیشن کمیٹی کی بنائی گئی سب کمیٹی کے ممبران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام ملحقہ کالجز کے سرپرائز وزٹ کریں اور وہ کالجز جہاں مسائل ہیں ان کے بارے میں فوری طور پررپورٹ دیں تاکہ ایسے کالجز کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔میٹنگ میں تمام ملحقہ کالجز میں معیار تعلیم کی بہتری سمیت سی ایم ایس سسٹم کو لاگو کرنے کے حوالے سے تفصیلی بات ہوئی۔

متعلقہ عنوان :

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں