جسمانی تعلیم نوجوانوں میں نظم ونسق، احساس ذمہ داری اور قائدانہ صلاحیتوں کیلئے راہ ہموار کرتی ہے،رجسٹرار گومل یونیورسٹی

منگل 21 مارچ 2023 22:40

ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2023ء) جس طرح نصابی تعلیم ذہنی صلاحیتیں اور بہتر کردارپروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے اسی طرح جسمانی تعلیم نوجوانوں میں نظم ونسق، احساس ذمہ داری اور قائدانہ صلاحیتوں کیلئے راہ ہموار کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار رجسٹرار گومل یونیورسٹی ڈاکٹر محمد جبار خان نے زرعی فیکلٹی کے اہتمام ہونیوالے رنگا رنگ سپورٹس گالا کی اختتامی تقریب کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈین زرعی فیکلٹی پروفیسر ڈاکٹر سلیم جیلانی، کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر نعمت اللہ بابر ،ایڈیشنل پرووسٹ ڈاکٹر یحییٰ خان سمیت دیگر اساتذہ ، افسران اور طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رجسٹرار ڈاکٹر محمد جبارخان نے کہاکہ پاکستان میں اگرچہ جسمانی تعلیم کی شرح ترقی یافتہ ملکوں کی بہ نسبت کم دیکھنے میں آتی ہے لیکن ماضی کے برعکس ہمارے یہاں صورتحال تبدیل ہورہی ہے اور ہمیں کھیلوں کی ہم نصابی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینا ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کھیل جسم کے ساتھ ساتھ ذہن کو تروتازہ بنانے اور تنا کی سطح کو قابو کرنے میں بھی مدد کرتے ہیں،اس کے علاوہ، کھیل بہترین ذہنی اور جسمانی نشوونما کا باعث بنتے ہیں اورہڈیوں کو مضبوط بناتے ہیں،جوان ہوتے بچوں کیلئے کھیل ان کے جسم اور دماغ کی نشوونما میں بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر رجسٹرار گومل یونیورسٹی ڈاکٹر جبارخان نے جیتنے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں