میونسپل کمیٹی ڈیرہ میں تعینا ت کرپٹ لا بی کی جانب سے صوبائی حکومت سے ملنے والی رقم بھی مسائل کے حل کے بجائے ہیر پھیر اورکرپشن کی نذر کرنے کی اطلاعات

کمیٹی کی اپنی آمدن کو پوشیدہ رکھا جا تا ہے اور سرکاری ریکارڈ میں درج وصولیوں سے کئی گنا زیادہ وصولیاں کرکے ذاتی مفادات حاصل کئے جا رہے ہیں

اتوار 1 مارچ 2015 16:05

ڈیرہ اسماعیل خان(اردو پوائنٹ۔تازہ ترین اخبار .1 مارچ 2015)میونسپل کمیٹی ڈیرہ میں تعینا ت کرپٹ لا بی کی جانب سے صوبائی حکومت سے ملنے والی رقم بھی مسائل کے حل کے بجائے ہیر پھیر اورکرپشن کی نذر کرنے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، میونسپل کمیٹی کے حکام کی جانب سے ہر مہینے تنخواہوں اور پنشنوں کی ادائیگی کے لیئے رقم نہ ہونے کا رونا رویا جاتا ہے، ملازمین کو احتجاج پر مجبور کیا جاتاہے اور صوبائی وزیر مال علی امین خان کی مداخلت سے صوبائی حکومت سے ماہانہ لاکھوں کی گرانٹ یا قرضہ وصول کیا جاتا ہے مگر کمیٹی کی اپنی آمدن کو پوشیدہ رکھا جا تا ہے اور سرکاری ریکارڈ میں درج وصولیوں سے کئی گنا زیادہ وصولیاں کرکے ذاتی مفادات حاصل کئے جا رہے ہیں،کمیٹی حکام کی جانب سے صوبائی حکومت کی جانب سے صوبائی وزیر مال علی امین خان گنڈہ پور کی کوششوں سے ملنے والے فنڈز کو بھی غلط استعمال کر کے صوبائی حکومت کے اہداف کے حصول میں رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں، ڈیرہ اسما عیل خان میں کمیٹی کی جانب سے کمرشل پلازوں کے نقشے تیزی سے پاس کئے جا رہے ہیں مگر ان کمرشل پلازوں میں پارکنگ اور سیکورٹی کی ضروریات کو مد نظر رکھنے کے بجائے قوائدکی خلاف ورزی کی جا رہی ہے، کمیٹی ملازمین کا کہنا ہے کہ غیر قانونی نقشہ جات کی منظوری کے عمل میں سرمایہ کرنے والی پارٹیوں سے وصول کی گئی قم کا بڑا حصہ کمیٹی کے اکاؤنٹ میں جمع کرنے کے بجائے میونسپل کمیٹی کے افسران، نقشہ برانچ، رینٹ انسپکٹر ، ٹیک کلرک، اکاؤنٹ آفیسرز، انفراسٹیکچر افسران اور دیگر حکام میں تقسیم کردی جاتی ہے اور کم سے کم رقم سرکاری خزانے میں جمع کرائی جاتی ہے جس کی وجہ سے کمیٹی بدحال اور متعدد شعبہ جات کے اہلکارتیزی سے مالامال ہو رہے ہیں، میونسپل کمیٹی کے زیر انتظام مختلف نوعیت کی ٹیکسوں ، نقشہ فیسوں، کمرشل پلازوں ، مویشی منڈی ، ٹرانسپورٹ اڈوں اور دیگر مدات میں وصولی کی شرح اور کمیٹی کے اکاونٹ میں جمع کرائی جانے والی رقم کی شرح مں واضح فرق ہی کمیٹی کی بدحالی کا باعث بن رہا ہے ، عوامی حلقوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ میونسپل کمیٹی ڈیرہ کے تما شعبہ جا ت کی کارکردگی، انکم اور اہلکاروں کے اثاثہ جات کی خفیہ تحقیقات کرائی جائیں، کرپٹ اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تو میونسپل کمیٹی کا خسارہ خود بخود ختم ہوجائے گا-

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں