ڈیر ہ اسماعیل خان،اکاخیل قبائل نے شناختی کارڈز کی فراہمی میں رکاوٹیں ڈالنے کیخلاف نادار دفاتر کے باہر احتجاج کی دھمکی دیدی

منگل 10 مارچ 2015 17:01

ڈیر ہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مارچ۔2015ء) اکاخیل قبائل نے نادرا کے مقامی اہلکاروں کی جانب سے شناختی کارڈز کی فراہمی میں رکاوٹیں ڈالنے کے خلاف پشاور اور اسلام آباد میں نادار دفاتر کے باہر احتجاج کی دھمکی دیدی، اکاخیل قوم کے سرکردہ رہنماء اور یونین کو نسل حسام کے سابق ناظم سردار یحیٰ خان اکا خیل نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ڈیرہ اسما عیل خان میں نادرا اہلکار اکاخیل قوم کے افراد کو ناجائز تنگ کررہے ہیں اور ہماری شناختی کارڈ ز ہمیں دینے کے بجائے الٹا ہمیں افغانیوں کے کوٹے میں ڈال رہے ہیں جو زیادتی ہے، انہوں نے کہا کہ آٹھ جولائی 1971کو ڈائریکٹر امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کی جانب سے جاری کئے گئے لیٹر نمبر 2400/70کی روشنی میں ہمیں پاکستان کا باقائدہ شہری تسلیم کیا گیا اور بائیس مئی 1974کو اکا خیل قوم کے بزرگ ملک حاجی مولا داد خان کو باقائدہ پاکستانی شناختی کارڈ جاری کیا گیا جس کا نمبر 149-04-037093ہے، انہوں نے کہا کہ حکومتی فیصلے کی روشنی میں ماضی میں اکاخیل قوم کو باقائدہ شناختی کارڈز جاری ہوتے رہے، ہمیں پاکستانی شہری تسلیم کیا گیا اور ضلع اسمبلی میں بھی علاقہ کے ناظم کی حیثیت سے میں نے بطور یونین کو نسل ناظم علاقہ عوام کے نمائندہ کا کردار ادا کیا، مگر اب ڈیرہ اسما عیل خان میں نادار دفتر میں تعینات اہلکار اکا خیل قوم کے افراد کے شناختی کارڈ کی تجدید میں بلا جواز رکاوٹیں ڈال رہے ہیں اور غریب لوگوں کو جان بوجھ کر تنگ کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ بااثر افراد کے شناختی کارڈز کی تجدید کی جا رہی ہے مگر وسائل نہ رکھنے والے اور غریب اکاخیل قوم کے افراد کے شناختی کارڈز کی تجدید کے فارمز کو کارروائی سے روکا جا رہا ہے ، فارمز کو سسپیکٹ بلاک کیا جا تا ہے اور سپیشل برانچ کو بھجوانے کے نام پر ہمیں بلاجواز تنگ کیا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ ماضی کے جاری کردہ شناختی کارڈ کی تجدید کے عمل میں رکاوٹیں ڈالنا خلاف قانون اور زیادتی ہے اور متعدد اپیلوں کے باوجود نادرا کے مقامی اہلکار اپنی روش سے باز نہیں آرہے، انہوں نے کہا کہ ہماری وفاقی سیکریٹری داخلہ ، چیئرمین نادرا اسلام آباد ، ڈائریکٹر جنرل نادراپشاور سے اپیل ہے کہ وہ اس زیادتی کا سد باب کریں، انہوں نے کہا کہ مقامی ڈائریکٹر جمیل خان سے بھی ہماری اپیل ہے کہ وہ ماتحت اہلکاروں کو اس زیادتی سے روکیں، انہوں نے کہا کہ اگر اکا خیل قوم کو اس کا جائز حق پاکستانی شناختی کارڈز کی تجدید کا مسئلہ ڈیرہ نادرا حکام نے حل نہ کیا تو ہم مجبورا پشاور اور اسلام آباد میں نادرا دفاتر کے باہر احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے، انہوں نے وزیر داخلہ چوہدری نثار سے بھی اس ضمن میں زیادتی کے سدباب کے لیے ہمدردانہ کردارا دا کرنے کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ عنوان :

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں