پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو بولی لگا کر ٹکٹ دیئے گئے ۔ پرویزالہی۔۔۔نواز شریف کیسے مسلم لیگی ہیں جو اپنی سیٹیں پی پی کی جھولی میں ڈال رہے ہیں، ڈنگہ میں جلسہ سے خطاب

اتوار 23 دسمبر 2007 18:07

ڈنگہ (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 23. دسمبر2007 ) سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ قائد اعظم کی حکومت برسر اقتدار آتے ہی سب سے پہلے اہلیان ڈنگہ کو سوئی گیس مہیا کی جائے گی ، گزشتہ روز بوائز کالج ڈنگہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک توڑنے والی جماعت ہے ، پیپلز پارٹی کے دور میں کرپشن حد سے زیادہ ہوئی ، جس کی وجہ سے پوری دنیا میں ملک یک بدنامی ہوئی ، پیپلز پارٹی دو دفعہ برسر اقتدار آئی ، لیکن لوٹ مار اور کرپشن کی وجہ سے ان کی حکومت ختم ہوئی ، انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کرپٹ ترین ہیں ، پرویز مشرف کی منت سماجت کر کے ملک واپس آئی ہیں ، پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو بولی لگا کر ٹکٹ دیئے گئے جس نے زیادہ روپے دیئے اسے ٹکٹ ملا ، انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ ملک توڑنے اور کرپشن لوٹ مار کرنے والی پیپلز پارٹی کو ووٹ نہ دیں ، چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ مسلم لیگ نواز شریف پیپلز پارٹی کی ذیلی تنظیم بن چکی ہے ، ن لیگ والے اپنے ووٹ ضائع نہ کریں ، میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف الیکشن سے آؤٹ ہوچکے ہیں جن کا لیڈر اسمبلی تک نہیں پہنچ سکتا وہ دھاندلی کا الزام کیسے لگا رہے ہیں ، وہ تمام سیٹیں پیپلز پارٹی کو دے دیں گے ، چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ نواز شریف کیسے مسلم لیگی ہیں جو اپنی سیٹیں پیپلز پارٹی کی جھولی میں ڈال رہے ہیں جبکہ مسلم لیگ نواز شریف اور پیپلز پارٹی کے آپس میں نظریاتی اختلاف ہیں اور دونوں نے اپنے اپنے دور حکومت میں ایک دوسرے کے خلاف مقدمات بنائے ہیں وہ کیسے اکٹھے ہوسکتے ہیں ، آج اقتدار کی خاطر اکٹھے بیٹھے ہیں ، انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں زلزلہ میں ہزاروں بلکہ لاکھوں افراد لقمہ اجل بن رہے تھے تو بے نظیر بھٹو کرپشن اور لوٹ مار کے نوٹ گن رہی تھیں ، انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ قائد اعظم گروپ نے اپنے دور حکومت میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں جن کا ثبوت آپ کا بوائز ڈگری کالج ہے جس میں پچیس لاکھ سے زائد بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ آئندہ مسلم لیگ قائد اعظم برسر اقتدار آ کر ملک سے بیروزگاری کے خاتمہ کیلئے نوجوانوں کو روزگار دلائے گی ، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ قائد اعظم کے دور حکومت میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر آج بھی کام ہو رہاہے ، انہوں نے کہا کہ اہلیان ڈنگہ اورگردونواح کے باسیوں نے جس طرح میرا شاندار استقبال کیاہے وہ میں زندگی بھر نہیں بھول سکتا ، میاں طارق محمود آپ کے علاقہ کی جانی پہچانی شخصیت ہیں اور اپنے علاقہ کے لوگوں سے محبت اور درد دل رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ قائد اعظم کے نمائندوں کو ووٹ دے کر کامیاب کرائیں ۔

ڈنگہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں