دیر بالا میں دھماکا، 4 افراد جاں بحق، 6 زخمی ہوگئے

گما ڈھنڈ میں مسافر بس کے قریب ریموٹ کنٹرول دھماکا کیا گیا،زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ڈی پی اومیاں نصیب جان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 18 اگست 2019 18:33

دیر بالا میں دھماکا، 4 افراد جاں بحق، 6 زخمی ہوگئے
دیر بالا(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 اگست 2019ء) دیر بالا میں دھماکا ہوگیا، دھماکے میں4افراد جاں بحق ، 6 زخمی ہوگئے ہیں، دھماکا ریموٹ کنٹرول سے کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دیر بالا کے علاقے گما ڈھنڈ میں دہشتگرد حملہ ہوا ہے، دہشتگردوں نے گما ڈھنڈ میں گاڑی کے قریب ریموٹ کنٹرول دھماکا کیا ہے۔ ڈی پی اومیاں نصیب جان کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 4 افراد جاں بحق ، 6 زخمی ہوگئے۔

دھماکے کی آواز دور تک سنائی گئی،دھماکے سے لوگوں میں خوف ہراس پھیل گیا۔ بتایا گیا ہے کہ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔اور دھماکے کی نوعیت جاننے کیلئے جائے دھماکا سے شواہد اکٹھے کیے۔جبکہ ریسکیو ٹیموں نے دھماکے میں زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کردیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب آج افغانستان کے دارالحکومت کابل میں شادی کی تقریب میں دھماکے سے کم از کم 63 افراد ہلاک اور 182 زخمی ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق دھماکا ہفتے کی رات کو مغربی کابل کے شادی ہال میں جاری ایک شادی کی تقریب کے دوران پیش آیا۔برطانوی میڈیا کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ ایک خودکش بمبار نے شادی کی تقریب میں خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑادیا، دھماکہ مقامی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 40 منٹ پر ہوا۔طالبان نے حملے میں کسی بھی طرح سے ملوث ہونے کی تردید کردی۔

افغان حکام کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جب خود کش دھماکا ہوا تو ہال لوگوں سے بھرا ہوا تھا۔ اطلاعات کے مطابق شادی کی تقریب میں 1000 افراد شریک تھے۔وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی کا کہنا تھا کہ ہلاکتوں کی تعداد کابل میں حالیہ مہینوں میں ہونے والے حملوں سے کہیں زیادہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔واضح رہے کہ افغانستان میں شادی کی تقریب میں سو یا اکثر ہزاروں مہمانوں کو مدعو کیا جاتا ہے جو بڑے بڑے شادی ہالوں میں منعقد کی جاتی ہیں۔

دیر بالا میں شائع ہونے والی مزید خبریں