دیربالا،زلزلہ متاثرین امدادی سامان کی غیر منصفانہ تقسیم اور بندر بانٹ کے خلاف سیاسی جماعتوں کا متاثرین سے ملکرشدید احتجاجی مظاہر ہ و دھرنا دیا

ہفتہ 31 اکتوبر 2015 18:55

دیربالا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اکتوبر۔2015ء ) واڑی ،زلزلہ متاثرین امدادی سامان کی تقسیم میں مستحق افراد کو نظر انداز کرکے غیر منصفانہ تقسیم اور امدادی سامان کی بندر بانٹ کے خلاف پی ٹی آئی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کا متاثرین سے ملکرشدید احتجاجی مظاہرہ ،دیر،پشاور مین شاہراہ مظاہرین نے چار گھنٹوں تک بند کرکے ضلعی انتظامیہ کے خلاف دھرنا دیا اور شدید نعرے بازی کی ،ڈپٹی کمشنر دیر بالا پر مشتمل جرگہ نے طویل کامیاب مذاکرات اور یقین دھانی کے بعد سڑک ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ، ہفتے کے روز تھانہ چوک واڑی بازار میں تحصیل واڑی کے مختلف علاقوں سے آنے والے زلزلہ متاثرین نے مین دیر،پشاور شاہراہ احتجاجا بند کرکے انتظامیہ کی جانبداری اور امدادی اشیاء کی تقسیم میں پسند و ناپسند اور مستحق لوگوں کے بجائے غیر مستحق افراد کو نوازنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ،مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری ایم پی اے فضل الہی ،پی پی پی کے رکن صوبائی اسمبلی صاحبزادہ ثناء اللہ ،اے این پی کے ضلعی صدر راجہ امیر زمان ،مسلم لیگ (ن) کے ممبر صوبائی کونسل حسین احمد ،جے یو آئی واڑی کے امیر ملک نوشاد خان ،ملک وصیت خان ،ملک شیر بھادر ،سعید شاہ خان ،شفیق اللہ ،میاں فضل الرحمان و دیگر نے کہا کہ دیر بالا میں سب سے زیادہ متاثرہ تحصیل واڑی کے زلزلہ زدگان در در کی ٹوکریں کھانے پر مجبور ہیں اور حکومت کی جانب سے فراہم کئے گئے خیمے اور امدادی اشیاء متاثرین کو دینے کی بجائے سیاسی بندر بانٹ کے نذر ہور ہے ہیں اسسٹنٹ کمشنر جماعت اسلامی کا آلہ کار بن کر امدادی اشیاء کو سیاسی رشوت کے طور پر کارکنوں میں تقسیم کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ایک طرف علاقے کے عوام شدید مصیبت اور مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں جبکہ دوسری طرف متاثرہ مکانات کا سروے کرنے والے پٹواری اور دیگر اہلکار متاثرین سے پیسے بٹورنے میں مصروف ہیں ،متاثرہ لوگوں سے رشوت طلب کرنے کا مطالبہ دیر بالا کی ضلعی انتظامیہ کے ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ،انہوں نے کہا کہ دوسرے اضلاع میں مرنے اور زخمی افراد کے لواحقین کو امدادی چیکس کی فراہمی شروع ہوچکی ہے مگر تحصیل واڑی کے جاں بحق افراد کے ساتھ تعزیت کے لئے کوئی سرکاری آفیسر نے زخمت تک گوارہ نہیں کی ،انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر واڑی کے تبادلے ،متاثرین سے پیسے لینے والے پٹواریوں کے خلاف کاروائی اور غیر مستحق لوگوں کو دینے والی امدادی اشیاء کی تحقیقات نہ ہونے تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا ،تاہم ڈپٹی کمشنر دیر بالا زکاء اللہ خٹک ،ضلع ناظم صاحبزادہ فصیح اللہ ،ڈی پی او اسرار الدین باچہ ،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محمد علی اور ڈی ایس پی فرمان اللہ پر مشتمل جرگے نے مظاہرین سے طویل مزاکرات کے بعد یقین دھانی کرائی کہ متاثرین سے پیسے طلب کرنے والے اہلکاروں کو ڈیوٹی سے برخاست کیا جائیگا اور امدادی سامان کی غیر منصفانہ تقسیم کی تحقیقات کرکے جاں بحق افراد کے لواحقین کو فوری طور پر امدادی چیکس دئے جائیں گے ،جس کے بعد مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے ۔

متعلقہ عنوان :

دیر بالا میں شائع ہونے والی مزید خبریں