پولیس نے کالعدم تنظیم تحریک طالبان کے شدت پسند کمانڈر کو گرفتار کرلیا

گرفتاری پر دس لاکھ روپے انعام مقرر کیا گیا تھا ٗ تفتیش کیلئے تحقیقاتی ٹیم کے حوالے

منگل 19 اپریل 2016 19:37

دیر بالا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 اپریل۔2016ء) دیر بالا میں پولیس نے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایک شدت پسند کمانڈر کو گرفتار کرلیا جن کی گرفتاری پر دس لاکھ روپے انعام مقرر کیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق ولی محمد نامی شدت پسند کمانڈر کو گذشتہ روز دیر بالا کے دور افتادہ علاقے اوشیرئی تارپتار سے ایک آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

تھانہ گندئیگار کے ایک اہلکار ابراہیم خان نے بی بی سی کو بتایا کہ پولیس کی بھاری نفری علاقے میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن میں مصروف تھی کہ اس دوران شدت پسند کمانڈر کو ایک گھر سے حراست میں لیا گیا۔انھوں نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے ٹی پی پی کے کمانڈر کے سر پر حکومت کی جانب سے دس لاکھ روپے کا انعام مقرر تھا۔اہلکار کے مطابق کمانڈر ولی محمد پولیس کو پانچ مختلف مقدمات میں مطلوب تھے جن میں تین دہشت گردی کے واقعات بھی شامل ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ حراست میں لیے جانے والے کمانڈر نے چند سال پہلے تھانہ گندئیگار پر ساتھیوں سمیت حملہ کیا تھا، جس میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہوئے تھے۔انھوں نے کہا کہ گرفتار کمانڈر کو تفتیش کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کر دیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :

دیر بالا میں شائع ہونے والی مزید خبریں