دیربالا اورلاہور میں ٹریفک حادثات ،15افراد جاں بحق ،متعدد زخمی

مسافر کوچ کے زخمیوں کو دیربالا ہسپتال پہنچا دیا گیا تین افراد کی حالت تشویشناک لاہور شادباغ کے قریب حادثے میں مرنے والوں میں رکشہ ڈرائیور اور تین بچے شامل ہیں

اتوار 30 اپریل 2017 13:10

دیربالا، لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2017ء) دیربالا اور لاہور میں ٹریفک کے دو مختلف واقعات میں 15افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے،مسافر کوچ کے زخمیوں کو دیربالا ہسپتال پہنچا دیا گیا جہاں پر تین افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دیربالا سے موصولہ اطلاعات کے مطابق لواری ٹاپ کے قریب مسافر بس کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اورمتعدد زخمی ہوگئے ۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جبکہ پولیس اہلکاروں نے بھی امدادی کاموں میں حصہ لیا ۔پولیس اہلکار کے مطابق مسافر بس دیر بالا سے چترال جارہی تھی کہ تیزرفتاری کے باعث گہری کھائی میں جاگری۔دشوار گزار راستے کی وجہ سے امدادی کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم مقامی لوگوں اور امدادی ٹیموں نے بڑی مشکلات کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو دیربالا کے ہسپتال منتقل کیا جہاں پر لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا جبکہ زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے جن میں سے تین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

ادھر لاہور کے علاقے شادباغ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق کوڑا اٹھا نے والے ٹرک اور رکشہ کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 4افراد جاں بحق ہو گئے ۔بتایا گیا ہے کہ چنگ چی رکشہ تیزی رفتاری کے باعث ٹرک سے ٹکرایا جس کے بعد رکشے کا سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا اور رکشہ میں آگ لگ گئی ۔آگ لگنے کے بعد رکشہ میں سوار 6 افراد شدید جھلس گئے جن میں سے رکشہ ڈرائیور یعقوب تین بچوں سمیت جاں بحق ہو گیا ، حادثے میں بچوں کی والدہ اور خالہ شدید زخمی ہیں جنہیں تشویشناک حالت میں میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔

ایدھی ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی زخمیوں کو ایمبولینس کی مدد سے میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ، مرنے والے بچوں کی عمریں 4سے چھ سال کے درمیان ہیں ۔واقعے کے بعد ٹرک ڈرائیور فرا ر ہو گیا ۔ حادثے کا شکار خاندان داتا نگر شیر شاہ روڈ کا رہائشی ہے۔پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں