نوازشریف کی سزا سے سیاست میں ایک تبدیلی ضرور آئے گی،

اگر دس بیس ایسے لوگ پکڑے جائیں جو خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں تو عوام تک ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کا پیغام جائے گا اور عدلیہ آزادانہ فیصلے کر سکے گی ، الیکشن میں صرف تین ہفتے باقی ہیں لیکن الیکشن کمیشن ابھی تک انتخابی اصلاحات اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کروانے میں ناکام رہاہے ،اگر الیکشن کمیشن نے اپنے قوانین پر اب عملدرآمد نہ کروایا تو کیا الیکشن گزرنے کے بعد کروائے گا امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا تیمر گرہ میں کارکنان کے اجلاس سے خطاب

ہفتہ 7 جولائی 2018 23:56

نوازشریف کی سزا سے سیاست میں ایک تبدیلی ضرور آئے گی،
تیمرگرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 جولائی2018ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ نوازشریف کی سزا سے سیاست میں ایک تبدیلی ضرور آئے گی اگر دس بیس ایسے لوگ پکڑے جائیں جو خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں تو عوام تک ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کا پیغام جائے گا اور عدلیہ آزادانہ فیصلے کر سکے گی ۔ الیکشن میں صرف تین ہفتے باقی ہیں لیکن الیکشن کمیشن ابھی تک انتخابی اصلاحات اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کروانے میں ناکام رہاہے ۔

اگر الیکشن کمیشن نے اپنے قوانین پر اب عملدرآمد نہ کروایا تو کیا الیکشن گزرنے کے بعد کروائے گا ۔ متحدہ مجلس عمل چھوٹے صوبوں کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے ۔ ہم سمجھتے ہیں کہ چھوٹے صوبوں کے حقوق کے تحفظ کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تیمر گرہ میں کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ آج تک ملک میں امیر اور غریب قانون کی نظر میں برابر نہیں تھے اور مقتدر طبقہ خو د کو آئین و قانون سے بالاتر سمجھتا تھا اور انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں تھا مگر نوازشریف کی سزا سے عام آدمی تک یہ پیغام پہنچاہے کہ ملک میں آئین و قانون موجود ہے اور صاحب اختیار و اقتدار بھی قانون کی پکڑ میں آسکتاہے ۔

انہوںنے کہاکہ اگر چند بڑے مگر مچھ قانون کی گرفت میں آ جائیں تو قانون کی بے بسی کا تاثر ختم ہوسکتاہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ 2018 ء کے انتخابات قوم کا امتحان ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے عوام کو ظالم جاگیرداروں اور بے رحم سرمایہ داروں سے نجات کا موقع دیاہے ۔عوام 25جولائی کو متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کو ووٹ دے کر پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے میں ہمارا ساتھ دے اور پاکستان کے لیے ہمارے بڑوں نے جو قربانیاں پیش کی تھیں اور جو خواب دیکھے تھے ، ان کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے عوام گھروں سے نکل کر نظریہ پاکستان سے بے وفائی کرنے والوں کو عبرت ناک شکست سے دوچار کریں ۔

قومیں اپنے نظریات کی بنا پر زندہ رہتی اور پھلتی پھولتی ہیں ۔ نظریہ پاکستان ملکی ترقی اور قومی بقا کا ضامن ہے ۔ انہوںنے کہاکہ متحدہ مجلس عمل پاکستان کی اسلامی شناخت اور تشخص کی حفاظت کی جنگ لڑ رہی ہے ۔ عوام اس جدوجہد میں ایم ایم اے کا ساتھ دے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل خیبر پی کے سمیت چھوٹے صوبوں کے حقوق کی جدوجہد کررہی ہے ۔ وفاق کو مضبوط کرنے کے لیے صوبوں کے درمیان مفاہمت اور یکجہتی و اتحاد ضروری ہے اور چھوٹے صوبوں کے اندر پائے جانے والے احساس محرومی کو ختم کرنے کے لیے قومی سطح پر ایک لائحہ عمل بنایا جانا چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ صوبوں کے حقوق ادا کیے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں