بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کی تو دنیا کے نقشے سے مٹ جائیگا،مولانا فضل الرحمن

کنٹرول لائن پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ جنگ بندی معاہدوں کی خلاف ورزی ہے، بھارت خطے کا امن تباہ کے لئے ہماری سرحدوں پر شرارت کر رہا ہے،پاکستانی قوم دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے حکومت و پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،جلسہ سے خطاب

اتوار 2 اکتوبر 2016 17:31

تیمرگرہ ،لوئر دیر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 اکتوبر- 2016ء) جمعیت علماء اسلام(ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ کنٹرول لائن پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ جنگ بندی معاہدوں کی خلاف ورزی ہے، بھارت خطے کا امن تباہ کے لئے ہماری سرحدوں پر شرارت کر رہا ہے،مودی سرکار کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ پاکستان ایٹمی قوت ہے، ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو پھر بھارت دنیا کے نقشے سے مٹ جائے گا،پاکستانی قوم متحد ہے اور وہ بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کے لئے حکومت اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔

تیمرگرہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں سعودی عرب کیخلاف مقدمات کا قانون انصاف پر مبنی نہیں ، امریکہ افغانیوں اور عراقیوں کو امریکیوں کیخلاف بھی مقدمات کا حق دے ، امریکہ میں سعودی عرب کی دولت پر قبضہ کر نے کے لئے ایسے قوانین بنائے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم نے برطانیہ کی غلامی قبول نہیں کی اور اس جگہ امریکہ کی غلامی قبول کی، ہمارے نظریات اولین نکتہ انسانیت کی آزادی ہے اور کچھ قوتیں آج بھی ہمیں غلامی طرف دھکیل رہی ہیں ۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ امریکہ پورے خطے کا چوہدری بنا ہوا ہے اور وہ دوسرے ملکوں میں گھسنے کے لئے کالے قوانین بنا رہا ہے اور اس کی مثال اس کی طرف سے حالیہ بنائے گئے قانون”جاسٹا“ ہے۔انہوں نے کہاکہ مغرب نے افغانستان ، عراق سمیت مسلم ممالک میں دہشت گردی کے نام پر قتل و غارت گری کی اور اب مزید دنیا میں انتشار پھیلانے کے لئے جاسٹا جیسے قوانین بنا رہا ہے۔

ا نہوں نے کہا کہ امریکہ افغانیوں اور عراقیوں کو امریکیوں کیخلاف بھی مقدمات کا حق دے ۔انہوں نے کہاکہ قبائلی علاقوں میں دہشت گردی کیخلاف آپریشن ہوئے ، قبائلی پاکستان کے باعزت شہری ہیں جنہیں تنہا نہیں چھوڑا جاسکتا ، دہشت گردی کیخلاف جنگ قبائلیوں کے علاقے میں لڑی جارہی ہے ہمیں ان کی بحالی اور ان کی ترقی کیلئے بھی کام کرنا ہو گا ۔ انہوں نے کہاکہ قبائلی محب وطن لوگ ہیں اور پاکستان کی سرحدوں کے محافظ ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے ظلم و ستم کی انتہا کر رکھی ہے ،معصوم شہریوں پر گولیاں برسائی جارہی ہیں ہر طرف تشدد اور جبر برپا ہے عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ،پاکستان مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مزید اقدامات کرنا ہوں گے ،انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ جنگ بندی معاہدوں کی خلاف ورزی ہے اور بھارت مغرب کیساتھ ملکر خطے بالخصوص پاکستان کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے اور اس لئے سرحدوں پر شرارت کر رہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ مودی سرکار کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ پاکستان ایٹمی قوت ہے اور اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو پھر بھارت دنیا کے نقشے سے مٹ جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم متحد ہے اور وہ بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کے لئے حکومت اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں