پیپلز پارٹی وہ منفرد سیاسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ ملک و قوم کی خاطر قربانی دی ہے، نوجوان اور عوام محض نعروں اور رنگین جھنڈوں پر اپنی سوچ نہ بدلیں ، اپنے بزرگوں سے اس دھرتی کیلئے عشروں خدمت کرنے والوں کے بارے میں معلومات حاصل کرکے اپنے سیاسی مستقبل کا تعین کریں، پیپلز پارٹی کے عظیم قائد ذولفقار علی بھٹو نے عوام کو زبان اور اختیار دے کر ان کو غلامی کی زندگی سے نجات دلائی،خیبر پختونخوا کے وزیر برائے فنی تعلیم و معدنی ترقی نوابزادہ محمود زیب خان کااجتماع سے خطاب

بدھ 26 دسمبر 2012 20:46

دیر پائیں (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔26دسمبر۔ 2012ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے فنی تعلیم و معدنی ترقی نوابزادہ محمود زیب خان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ منفرد سیاسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ ملک و قوم کی خاطر قربانی دی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان اور عوام محض نعروں اور رنگین جھنڈوں پر اپنی سوچ نہ بدلیں بلکہ اپنے بزرگوں سے اس دھرتی کیلئے عشروں خدمت کرنے والوں کے بارے میں معلومات حاصل کرکے اپنے سیاسی مستقبل کا تعین کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے عظیم قائد ذولفقار علی بھٹو نے عوام کو زبان اور اختیار دے کر ان کو غلامی کی زندگی سے نجات دلائی۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے دیر پائیں کے علاقہ تالاش میں موضع ماجوڑ و بریکوٹ کے مقام پر ایک عظیم الشان شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر احمد حسن بھی موجود تھے ۔

تقریب میں گل حکیم، نور اکبر، فضل اکبر، فضل ربی، شیر حسن، سلطان حکیم، حسین اکبر، لطیف، افتخار، شہر حیات، شیر حضرت اور شیر واحد نے اپنے خاندانوں سمیت عوامی نیشنل پارٹی اور مسلم لیگ ق سے مستعفی ہو کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پر سابق یوسی ناظمین محمد اعظم خان، خالد حسن خان، پی پی پی کے مقامی رہنما ملک ارشاد، حمید اللہ اور مثل خان کے علاوہ پارٹی کارکنان اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم عوام کی بے لوث خدمت کو اپنا فرض سمجھتے ہیں اور خدمت کے بدلے عوام کو زبردستی ووٹ دینے پر مجبور نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ مخلوط حکومت میں رہتے ہوئے علاقے میں بڑے بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کیلئے ہر طرح کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ تالاش کے مقام پر60کروڑ روپے کی لاگت سے زیر تعمیر ڈگری کالج اور کامرس کالج علاقے کی ترقی کے ضامن بنیں گے۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سینیٹر احمد حسن خان نے کہا کہ بعض سیاسی لوگ محض نعروں سے انقلاب کی باتیں کرتے ہیں مگر وہ نہیں جانتے کہ اس مٹی کیلئے حقیقی قربانیوں کا سہرا اور غریبوں کے دکھ درد کامداوا ہمیشہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سررہاہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں دیر پائیں کے عوام سے اسلام کے نام پر دھوکہ دے کر ووٹ لیا گیا اور ہماری تشبیح مغرب کی دوستی سے کی گئی مگر آج وہ لوگ بتائیں کہ انہوں نے یہاں کے عوام کی زیادہ خدمت کی ہے یا پی پی پی اور اس کے منتخب ممبران نے کی۔

دونوں رہنماؤں نے کارکنان سے اپیل کی کہ وہ آج سے آئندہ الیکشن کی جدوجہد کا آغاز کریں اور پاکستان پیپلز پارٹی کو خدمت کرنے کا ایک بار پھر موقع فراہم کریں۔انہوں نے پارٹی میں نئے شامل ہونے والے افراد کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں ان کو عزت کا مقام دیا جائیگا اور ان کے تمام جائز مطالبات کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں