برمی حکومت بھارتی وزیر اعظم مودی کی ایماء پر مسلمانوں پر مظالم ڈھا رہی ہے، روہنگی مسلمان مہاجرین کے حوالے سے بنگلہ دیشی حکومت کا کردار شرمناک ہے، امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخواہ

حسینہ واجد کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہیں، حکومت برما کے سفارتخانے کو بند کرکے سفارتکاروں کو فوری طور پر واپس بھیج دے، پاکستان دوست ممالک کے ساتھ مل کر او آئی سی کا اجلاس بلائے یہ پاکستان کے حکمرانوں کو دستوری فرض ہے کہ وہ رسول اللہ ﷺ کی امت کی حفاظت کے لئے کردار ادا کریں گے، تمام مسلمان ممالک برما سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا فوری اعلان کریں، مشتاق احمد خان کا شمولیتی جلسے سے خطاب

ہفتہ 9 ستمبر 2017 21:12

دیربالا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 ستمبر2017ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ برما کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے کل 10ستمبر کو پورے صوبے اور فاٹا کے ضلعی ہیڈکوآرٹرز اور ایجنسی ہیڈکوآرٹرز پر احتجاجی مظاہرے کریں گے۔ علماء، طلباء، وکلاء، سول سوسائٹی سمیت ہر مکتبہ فکر کے افراد سے شرکت کی اپیل کرتے ہیں۔

برمی حکومت بھارتی وزیر اعظم مودی کی ایماء پر مسلمانوں پر مظالم ڈھا رہی ہے۔ روہنگی مسلمان مہاجرین کے حوالے سے بنگلہ دیشی حکومت کا کردار شرمناک ہے۔ حسینہ واجد کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ حکومت برما کے سفارتخانے کو بند کرکے سفارتکاروں کو فوری طور پر واپس بھیج دے۔ پاکستان دوست ممالک کے ساتھ مل کر او آئی سی کا اجلاس بلائے یہ پاکستان کے حکمرانوں کو دستوری فرض ہے کہ وہ رسول اللہ ﷺ کی امت کی حفاظت کے لئے کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

تمام مسلمان ممالک برما سے سفارتی تعلقات ختم کرے، عالم اسلام کیمپوں میں پڑے مظلوم روہنگی مسلمانوں کی فلاح و بہبود اور علاج معالجے کے فورم بنائے اور بین الاقوامی فنڈ قائم کرے۔ پاکستان چین ، روس، ترکی قطر،ایران ، انڈونیشیا اور دیگر دوست ممالک کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کو جگائے۔ اقوام متحدہ پرندوں اور جانوروں کے حقوق کے لئے تو حرکت میں آتا ہے لیکن اسے روہنگی مسلمانوں بچوں اور عورتوں کی چیخیں سنائی نہیں دیتیں۔

اپنے گھر کی فکر کرنے کی بات کرنے والے اس وقت کہاں تھے جب ڈمہ ڈولا پر حملہ ہوا تھا۔اس وقت صرف سراج الحق تھے جنہوں نے ڈمہ ڈولا جاکر ان کے زخموں پر مرحم رکھا۔ نوجوان اس ملک کا مستقبل ہیں،حکمرانوں نے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ نہیں اٹھایا، جماعت اسلامی کے پاس نوجوانوںکے لئے پروگرام موجود ہے۔نوجوانوں کو عام انتخابات میں پچاس فیصد نشستیں دیں گے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے واڑی دیر بالا میں شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔شمولیتی جلسہ عام سے قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ، صوبائی نائب امیر مولانا اسداللہ، سینئر وزیر عنایت اللہ خان، ضلعی امیر حنیف اللہ ایڈووکیٹ، ضلع ناظم صاحبزادہ فصیح اللہ اور نائب ناظم میر مخزن الدین نے بھی خطاب کیا۔

مشتاق احمد خان نے کہا کہ برما میں مسلمانوں کو جلایا جارہا ہے لیکن امت مسلمہ پر سکوت طاری ہے۔امت کے حکمران اپنے بھائیوں کی مدد کی بجائے حیلے بہانے تراش رہے ہیں۔ مسلم حکمران برماکے مسلمانوں کی مدد کے لئے کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے برما کے مظلوم مسلمانوں کے لئے آواز اٹھائی ہے، اسلام آباد میں کامیاب دھرنے کے بعد آج پورے صوبے میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کے حکمران کرپشن میں ملوث ہیں۔ کرپٹ ٹولے نے ملکی دولت لوٹ کر باہر کے بینکوں میں جمع کی ہے۔ ہم نے سپریم کورٹ کو ان افراد کی لسٹ دی ہے، جماعت اسلامی ان سب کا احتساب چاہتی ہے۔ کرپٹ ٹولے کے خلاف ہماری جدوجہد منطقی انجام تک جاری رہے گی۔

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں