صوبائی حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہوچکی ہے‘ محمود زیب

پیر 29 جنوری 2018 18:40

دیرلوئیر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2018ء)پاکستان پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر وسابق صوبائی وزیر نواب زادہ محمود زیب خان نے کہاہے کہ صوبائی حکومت تمام محاذوں پر بری طرح ناکام ہوچکی ہے‘ پانچ سال گزرنے کے باوجود کوئی میگاپراجیکٹ شروع نہ کیاجاسکا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے سرائے پائیں تالاش زین ہائوس میں پارٹی تنظیم سازی کے حوالے سے حلقہ نورہ خیل کی سطح پر منعقدورکرز کنونشن سے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے پارٹی کے صوبائی راہنما محمدطاہر خان ایڈووکیٹ ‘ممبر ضلع کونسل وتحصیل صدر پی پی ملک برکت خان ‘شیرمحمد‘ناظم تیمرہ گرہ فضل حسین اور دیگر پارٹی قائدین نے بھی خطاب کیا‘ نوابزادہ محمودزیب نے کہاکہ دیرلوئیر کو قدرتی گیس کی فراہمی اور بجلی کے درجنوں منصوبے پی پی دورکے کارنامے ہیں ‘پانچ سال گزرنے کے بعد صوبائی وزراء کو تیمرگہ میڈیکل کالج کا خیال آیا‘ تلاش بائی پاس منصوبے کے اراضی مالکان کو تاحال رقم ریلیز ہوئی اور نہ ریسکیو 1122کا منصوبہ شروع ہوا‘ گزشتہ پانچ برس میں جماعت اسلامی نے علاقہ کے تعمیر وترقی کیلئے ایک منصوبہ شروع نہیں کیااور ہمارے دورکے منصوبوں پر تختیاں لگانا خیانت کی انتہاہے‘ عوام کو انصاف اور اسلام کے نام پر مزید دھوکے میں نہیں رکھاجاسکتا۔

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں