چیلنجوں کے باوجودپسماندہ علاقوں کو ترقیاتی عمل میں آگے لانے کی کوشش کی، عوام کا معیار زندگی بلند کر نے کیلئے بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کئے، وزیر برائے فنی تعلیم و معدنی ترقی نوابزادہ محمود زیب خان کا اجتماع سے خطاب

جمعرات 24 جنوری 2013 21:59

دیرپائین (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔24جنوری۔2013ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے فنی تعلیم و معدنی ترقی نوابزادہ محمود زیب خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے تمام تر چیلنجوں کے باوجودپسماندہ علاقوں کو ترقیاتی عمل میں آگے لانے کی کوشش کی ہے اور اس سلسلے میں عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کی غرض سے ہر شعبے میں بڑے بڑے منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیر پائیں کے یونین کونسل بلامبٹ میں موضع قاضی آباد کے مقام پر ایک عوامی اجتماع سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں پی پی پی کے مقامی قائدین ملک زاہد اور گل میر خان سمیت علاقے کے عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ یو سی بلامبٹ میں مانوگے اور انڈھیرے کیلئے پانچ پانچ لاکھ روپے جبکہ قاضی آباد میں چھوٹے چھوٹے کاموں کیلئے ڈیڑھ لاکھ روپے دیے گئے ہیں اور یو سی میں کوہیرے، ملاکنڈ بالا و پائیں اور مانوگے کے مقامات پر سکول بھی قائم کئے جا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تین کروڑ روپے کی لاگت سے ہائی سکول بلامبٹ کی عمارت تعمیرکی جا رہی ہے اور اسے اپ گریڈ کرکے ہائیر سیکنڈری کا درجہ بھی دیدیا گیا ہے۔صوبائی وزیر نے قاضی آباد میں گلیوں کی پختگی کیلئے سو بوری سیمنٹ دینے کا بھی اعلان کیا۔اس موقع پرعوام نے صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں