احساس کفالت اور باہمت بزرگ پروگرام کے تحت مستحق خواتین کی مالی امداد کے لیے الگ الگ مراکز قائم کر دیے گئے ہیں، ڈپٹی کمشنر

منگل 24 نومبر 2020 19:13

لالہ موسیٰ۔24نومبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24نومبر2020ء) :ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ احساس کفالت اور باہمت بزرگ پروگرام کے تحت مستحق خواتین کی مالی امداد کے لیے الگ الگ مراکز قائم کر دیے گئے ہیں، تینوں تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز امدادی رقوم کی تقسیم کے عمل کی نگرانی کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس ظہیر لیاقت، اسسٹنٹ کمشنرز سلمان ظفر، احسن ممتاز، بنکوں کے نمائندوں نے شرکت کی. ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد زبیر نے اجلاس کو بریفنگ دی. ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں حکومت پنجاب نے سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے زیر اہتمام باہمت بزرگ پروگرام کے لیے تینوں تحصیلوں سے 65 سال سے زائد عمر کی 1140 مستحق خواتین کا انتخاب کیا ہے، ان خواتین کو ہر تین ماہ بعد 6 ہزار روپے مالی امداد دی جائے گی ان خواتین کو اے ٹی ایم کارڈ جاری کرنے کے لیے میونسپل کارپوریشن گجرات، میونسپل کمیٹی کھاریاں اور سرائے عالمگیر دفاتر میں مراکز قائم کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت امدادی رقوم کی تقسیم کے لئے میونسپل ماڈل گرلز ہائی سکول گجرات، گورنمنٹ ہائی سکول جلالپور جٹاں، بوائز کالج کھاریاں، اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول مہے روڈ سرائے عالمگیر میں مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں مستحق خواتین کو فی کس 12 ہزار روپے امداد دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ احساس پروگرام کے تحت جن خواتین کو امدادی رقوم دی جائیں گی یہ بی آئی ایس پی میں پہلے سے رجسٹرڈ ہیں اور ریگولر امداد حاصل کر رہی تھیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام مراکز پر پولیس سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے گی جبکہ بلدیاتی ادارے صفائی سمیت تمام انتظامات کے ذمہ دار ہوں گے، مراکز پر بنکوں اور نادرا کے کاونٹرز بھی قائم ہوں گے

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں