ڈپٹی کمشنر کا تحصیل آفس کھاریاں کا اچانک دورہ

دفتر قانونگو میں امرہ کلاں کے انتقالات اراضی کا ریکارڈ دستیاب نہ ہونے پر ریونیو آفیسر ،عملہ کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا

منگل 18 مئی 2021 22:45

لالہ موسی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2021ء) ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے تحصیل آفس کھاریاں کا اچانک دورہ کیا اور دفتر قانونگو میں امرہ کلاں کے انتقالات اراضی کا ریکارڈ دستیاب نہ ہونے پر ریونیو آفیسر اور عملہ کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا، انہوں شادیوال روڈ کے علاقہ میں روایتی ٹیکنالوجی پر چلنے والے بھٹہ خشت کو سیل، مالک پر 50ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیاہے۔

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات کے مطابق ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے اے سی آفس کھاریاں پہنچے،اسسٹنٹ کمشنر خالد عباس سیال کے ہمراہ مختلف برانچز میں عملہ کی حاضری چیک کی،دفتر قانوں گوئی کے ریکارڈ کا معائنہ کیا اورہدایت کی کہ ریکارڈ کو منظم اور اپ ڈیٹ رکھا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے دفتر قانوں گوئی میں موضع امرہ کلاں کے انتقالات کا ریکارڈ دستیاب نہ ہونے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ریونیو آفیسر، گرداور اور پٹواری کو ریکارڈ سمیت طلب کر لیا جس کی چھان بین سینئر افسران کی زیر نگرانی کرائی جائی گی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ٹی ایچ کیو ہسپتال کھاریاں میں مریضوں اور انکے لواحقین سے طبی سہولیات بارے دریافت کیا جبکہ ویکسنیشن سنٹر کا معائنہ کیا اور وہاں موجود شہریوں سے بات چیت کی۔ انہوں نے بتایا کہ ویکسی نیشن سنٹر کھاریاں میں صبح کی شفٹ میں 269مریضوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے شادیوال روڈ کے علاقہ میں عطا برکس کمپنی کے بھٹہ خشت کو چیک کیا جوروایتی ٹیکنالوجی پر چلا کر فضائی آلودگی کا باعث بن رہا تھا، انہوں نے فوری نوٹس لیتے ہوئے بھٹہ خشت کو سیل کر دیا جبکہ مالک شہباز احمد پر پچاس ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا، عطا برکس کے مالک نے بیان حلفی بھی داخل کروایا ہے کہ وہ زگ زیگ پر منتقلی کے بعد ہی بھٹہ خشت چلائے گا۔

ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے گورنمنٹ جامع ہائی سکو ل گجرات، کالرہ کلاں اور شادیوال پھا ٹک کے علا قوں میں صفائی کے نظام کا جائزہ لیا اورافسران کو ہدایت کی کہ ان علاقوں سے بروقت کوڑا اٹھانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں