لوئر دیر،اسکول کی دیوار گرنے سے ایک بچی جاں بحق، 6 زخمی

وزیرِ اعلیٰ محمود خان کااسکول کی دیوار گرنے کے واقعے کا نوٹس ، کمشنر مالاکنڈ کو تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

پیر 27 جون 2022 17:10

لوئر دیر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2022ء) لوئر دیر کے علاقے بلوخان دپور میں گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول کی زیر تعمیر دیوار کا حصہ گر گیاجس کے ملبے میں دب کر 10 سال کی بچی جاں بحق اور 6 بچیاں شدید زخمی ہوگئیں۔ریسکیو ترجمان کے مطابق بچیاں زیرِ تعمیر دیوار کے قریب کھیل رہی تھیں، زخمی بچیوں کو لعل قلعہ اور ڈی ایچ کیو ہسپتال تیمرگرہ منتقل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ای ڈی او نے کہا ہے کہ اسکول کے ساتھ مدرسے کی تعمیر کے لیے کھدائی کی جا رہی تھی۔دوسری جانب خیبر پختون خوا کے وزیرِ اعلیٰ محمود خان نے اسکول کی دیوار گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر مالاکنڈ کو تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔انہوں نے واقعے میں زخمی بچوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔محمود خان نے کہا کہ ناقص تعمیراتی کام ثابت ہونے پر ذمے داروں کو کڑی سزا دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں