سوات میں شہید ہونیوالے فوجی جوان محمد آصف محفوظ کو فوجی اعزاز کیساتھ آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا

نماز جنازہ میں پاک آرمی کے افسران واہلکاران سمیت شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت ، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے کی سلامی

پیر 5 فروری 2018 17:49

ڈونگہ بونگہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 فروری2018ء) سوات میں دہشتگردوں کے خود کش حملے میں شہید ہونیوالے فوجی جوان محمد آصف محفوظ کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق بہاولنگر کے نواحی علاقہ ڈونگہ بونگہ محلہ راجپوتاں کے محمد آصف محفوظ سوات میں ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے کہ دہشتگردوں کے خود کش حملے میں شہید ہو گئے۔

شہید سپاہی محمد آصف محفوظ کا جسد خاکی جب ان کے آبائی گھر ڈونگہ بونگہ لایا گیا تو ہر آنکھ پر نم تھی ۔

(جاری ہے)

شہید کے گھر تعزیت کے لیے آنے والوں کا تانتا بندھ گیا ۔بعد ازاں نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں پاک آرمی کے افسران واہلکاران سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاک آرمی کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔جس کے بعد شہید کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔شہید آصف کے پسماندگان میں والد محمد محفوظ، والدہ بھائی محمد کاشف اور چار بہنیں شامل ہیں۔شہید کی ایک ماہ بعد شادی طے ہونا تھی،سپاہی آصف محفوظ نے ابتدائی تعلیم ڈونگہ بونگہ ہائی سکول سے حاصل کی اور دو سال قبل ہی بطور سپاہی پاک فوج میں ملازمت حاصل کی تھی۔

متعلقہ عنوان :

ڈونگہ بونگہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں