سانحہ موٹروے انتہائی افسوس ناک ہے اسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے،اعجاز الحق

ایسے دردناک واقعات کی روک تھام اور مجرموں کو نشان عبرت بنانے کیلئے قانون سازی کرنا وقت کی بڑی اہم ضرورت ہے، وفاقی وزیر

پیر 14 ستمبر 2020 16:41

ڈونگہ بونگہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2020ء) سابق وفاقی وزیر اعجاز الحق نے کہا ہے کہ سانحہ موٹروے انتہائی افسوس ناک ہے اسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے،ایسے دردناک واقعات کی روک تھام اور مجرموں کو نشان عبرت بنانے کیلئے قانون سازی کرنا وقت کی بڑی اہم ضرورت ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنرل ضیاء الحق شہید نے اپنے دور حکومت میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے مئوثر اقدامات اٹھا کر ایک مثال قائم کر دی تھی۔

انہوںنے کہاکہ فوج میں نظم و ضبط ہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ صرف ڈسپلن کے باعث فوج اعلیٰ ادارہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا سی سی پی او لاہور کے بارے بیان دینا لمحہ فکریہ ہے انہوںنے کہاکہ پولیس میں ڈسپلن کی کمی کے باعث کارکردگی نہ ہے،سی سی پی او شیخ عمر کے بیان کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ ہمارا طاہر بشیر چیمہ سے کسی قسم کا کوئی الحاق نہیں ہے،ملک بھر میں مسلم لیگ (ضیاء )کے دفاتر کھولے جارہے ہیں جبکہ اگلے الیکشن میں مسلم لیگ(ن) یا پاکستان تحریک انصاف سے اتحاد ہو سکتا ہے،اب اے پی سی کے بعد ایک نیا این آر او ہونے جا رہا ہے۔

انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی نے ہمارے ساتھ خود اتحاد کیا تھا ہم نے اتحاد کیلئے جھولی نہیں پھیلائی تھی،عمران خان کچھ لوگوں کو قبول نہیں کر رہا۔ انہوںنے کہاکہ بلوچستان سندھ کے پی کے میں بلدیاتی ادارے چلتے رہے تاہم پنجاب میں ختم کرنا ظلم کے مترادف تھا۔جب تک عدالت نہیں کہے گی الیکشن کا انعقاد اعلان کے باوجود نظر نہیں آرہا۔

ڈونگہ بونگہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں