سورج مکھی کی بہتر پیداوار کیلئے بروقت آبپاشی کی ہدایت

منگل 17 اپریل 2018 15:28

فیصل آباد۔17 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء)سورج مکھی کے کاشتکاروں کو اچھی پیداوار کے حصول کیلئے مناسب اور بروقت آبپاشی کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیا ہے کہ سورج مکھی کی بہتر پرورش کیلئے پانی کی اہمیت سے انکارممکن نہیں کیونکہ جڑوں کے ذریعے پودوں کو مطلوب خوراک کے اجزاء پانی میں حل ہو کر ہی پودے تک پہنچتے ہیںنیز ضیائی تالیف کے عمل میں بھی اس کاکردار انتہائی اہم ہے ۔

ماہرین زراعت نے بتایاکہ سورج مکھی کم پانی میں پروان چڑھنے کی صلاحیت رکھنے والی فصل ہے جس کے باعث کاشتکار اکثر اس کی آبپاشی پر پوری توجہ نہیں دیتے جس کی وجہ سے پیداوار میں مسلسل کمی واقع ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سورج مکھی کی فصل کو پہلا پانی بیج پھوٹنے کے 25سے 30د ن بعد ، دوسرا پانی پہلے پانی کے 15سے 20دن بعد ، تیسرا پانی پھولوں کی ڈوڈیاں بنتے وقت اور چوتھاپانی بیج بننے کے مرحلے پر لگانا ضروری ہے جو پھول بننے کے 10سی15 روز بعد شروع ہوتاہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ آخری مرحلے میں پانی کی کمی کی وجہ سے بیج پیچک کر کمزور اور پتلا رہ جاتاہے جس کے نتیجہ میں پیداوار میں کمی ہو جاتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ اگر متواتر خشک اور گرم موسم کی صورتحال ہو تو چوتھے پانی کے 15روز بعد ایک مرتبہ اور پانی بھی دے دینا چاہیے ۔انہوںنے کہاکہ ماہرین زراعت کی مشاورت اور موسمی حالات کے پیش نظر آبپاشی کے وقفہ میں کمی بیشی بھی کی جاسکتی ہے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں