گندم کی کٹائی و گہائی کیلئے ریپرز کو اچھی طرح صاف کرنے کی ہدایت

منگل 17 اپریل 2018 15:28

فیصل آباد۔17 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء)جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو گندم کی کٹائی و گہائی کیلئے ریپرز کو گیراجوں اور شیڈز سے نکال کر اچھی طرح صاف کرنے اور اس کے بلیڈز ، فورک ، کراپ لفٹر ، کنوئیر، پاور سسٹم ،بیلٹس کی چیکنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ ریپر کو اچھی طرح سے صاف کرکے ٹریکٹر کے ساتھ لگا کر کھلی جگہ پر دھوپ میں کھڑا کریں اور ٹریکٹر کو چلا کر ریپر کے پرزوں کی آواز و حالت کو چیک کرلیں نیز جو پرزے زنگ آلود ہو چکے ہوں انہیں مٹی کے تیل سے اچھی طرح صاف کرلیاجائے اور جو پرزے ٹوٹے ہوئے ہوں یا موجود نہ ہوں ان کی جگہ نئے پرزے لگا لئے جائیں ۔

انہوںنے کہا کہ اگر کٹر کے بلیڈ تیز نہ ہوں تو ان کو اچھی طرح تیز کروا لیا جائے تاکہ گندم کے دانوں کو نقصان نہ پہنچ سکے نیزاگر بلیڈ بہت زیادہ گھس چکے ہوں تو اس ضمن میں کوتاہی نہ کی جائے کیونکہ گھسے ہوئے بلیڈ گندم کی کٹائی ٹھیک طرح سے نہیں کرتے اور کٹائی کے وقت گندم کے دانے بالیوں سے نکل کر ضائع ہو جاتے ہیں اس لئے فوری نئے بلیڈ لگالئے جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کراپ لفٹر گری ہوئی فصل کو اٹھانے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے لہٰذا ان کی درست سمت میں کسائی بھی یقینی بنانی چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ بیلٹوں کا تنائو مناسب ، کٹر سسٹم کی الائنمنٹ و فٹنگ درست ، گیئربکس کاتیل اور گریس مکمل جبکہ شافٹ کی کیز اور پلی کی فٹنگ درست ہونے سے بھی کاشتکار کو فصل کے نقصان سے بچایاجاسکتاہے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں