کپاس کی فصل سے سفید مکھی کا انسداد کرکے کاٹن لیف کرل وائرس پر قابو پا سکتے ہیں، محکمہ زراعت

منگل 18 ستمبر 2018 15:00

فیصل آباد۔18 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) کپاس کے کاشتکارفصل پر سفید مکھی کا انسداد کرکے کاٹن لیف کرل وائرس پر قابو پا سکتے ہیں۔ محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ میزبان پودے اور جڑی بوٹیاں سفید مکھی کی افزائش کا سبب بنتی ہیں جو کپاس پر وائرس کے پھیلائو میں مددگار ہے جبکہ وائرس کی متبادل میزبان خوراکی جڑی بوٹیوں میں مکو، لیہہ، لیہلی، کرنڈ، لینٹانا، ہزاردانی، رتن جوت، پٹھ کنڈا، اًک اور اِٹ سِٹ وغیرہ شامل ہیں لہٰذا ان جڑی بوٹیوں کی تلفی کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کاشتکار کپاس کی سفید مکھی کے متبادل میزبان خوراکی پودوں مثلاً بھنڈی، آلو، تمباکو، بینگن، حلوہ کدو، کھیرا، تر، کریلا، ٹماٹر، تربوز، ٹینڈا، خربوزہ، سورج مکھی اور مرچ پر سفید مکھی کے کنٹرول پر خصوصی توجہ دیں تاکہ سفید مکھی ان پر پرورش پاکر کپاس کے کھیتوں پر حملہ کرنے اور وائرس پھیلانے کا سبب نہ بن سکے۔ انہوںنے بتایاکہ سفید مکھی کے انسداد کیلئے مختلف کیڑے مار زہروں کے ساتھ ساتھ حیاتیاتی انسداد کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے اور اس سلسلے میں کسان دوست کیڑوں کو زیادہ سے زیادہ بڑھایا جائے۔انہوںنے کہاکہ کاشتکار سفید مکھی کے کنٹرول کیلئے ایک ہی قسم کی زہر بار بار استعمال نہ کریں۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں