سرسبز پاکستان کیلئے زیادہ سے زیادہ پودے لگانا وقت کا تقاضا ہے جس سے آئندہ نسل کو صحت مند ماحول بھی میسر ہو گا،وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد

بدھ 19 ستمبر 2018 14:03

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) محکمہ لائیو سٹاک اور ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں زرعی یونیورسٹی کے سب کیمپس کے اشتراک سے پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت شجرکاری کی گئی جس میں وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا ‘ ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر صالحہ گل ‘ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالماجد اور ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ٹوبہ ٹیک سنگھ ڈاکٹر محمد سلیم نے یونیورسٹی کیمپس میں مختلف اقسام کے پودے لگائے ۔

اس موقع پر طلبا و طالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی نے کہا کہ سرسبز پاکستان کے لئے زیادہ سے زیادہ پودے لگانا وقت کا تقاضا ہے جس سے آئندہ نسل کو صحت مند ماحول بھی میسر ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ درخت ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں لہٰذا ہر شہری کو اس اہم مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے ۔ ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق گرین پاکستان مہم میں بھر پور شرکت کی جارہی ہے ۔ اس موقع پر محکمہ لائیو سٹاک کی ڈویژنل موبائل ٹریننگ سکول بس کے انچارج ڈاکٹر اکرام الحق نے طلبا و طالبات کو دودھ ‘ گوشت اور انڈوں کی اہمیت و افادیت سے آگاہ کیا ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں