اکھیڑے کے حملہ کی صورت میں متاثرہ زمین پر وہ ہی سبزیاں تین سال تک دوبارہ کاشت نہ کرنے کی ہدایت

پیر 24 ستمبر 2018 14:56

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) ماہرین زراعت نے کہاہے کہ زمیندار و کاشتکار پلاسٹک ٹنل میں سبزیات کی بیماریوں اکھیڑا ، روئیں دار پھپھوند ، سفوفی پھپھوند،مرجھائو، اگیتا ، پچھیتا جھلسائو، بلاسم اینڈ راٹ کے تدارک اور انسداد کیلئے بروقت اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ سبزیوں کی بیماریوں سے پاک اچھی پیداوار حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔

انہوںنے کہاکہ سبزیات کی کاشت سے لے کر ان کی برداشت تک کے مراحل میں مذکورہ بیماریاں کسی بھی وقت ان پر حملہ آور ہو کر پیداوارکانقصان کر سکتی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ سبزیات پر اکھیڑے کے حملہ کی صورت میں جس زمین پر اس بیماری کا حملہ ہو اس میں دو تین سال تک یہ فصل کا شت نہ کی جائے اور جون کے مہینہ میں متاثرہ زمین میں ہل چلا کر اسے کھلا چھوڑ دیاجائے ۔

(جاری ہے)

اور بعد ازاں سبزیوں کے بیج کو موزوں زہر لگا کر کاشت کیاجائے۔انہوںنے کہاکہ روئیں دار پھپھوند کاحملہ شروع ہونے سے قبل اس کا تدارک انتہائی مشکل ہوتاہے لہٰذا کاشتکار ٹنل میں درجہ حرارت اور نمی کو کنٹرول کرتے ہوئے پھپھوند کش زہر کا سپرے بھی کریں ۔ انہوںنے کہاکہ سفوفی پھپھوند پر قابو پانے کیلئے صبح یاشام کے وقت ٹنل میں سپرے کرتے ہوئے نمی کو بھی کنٹرول کیاجائے ۔

انہوںنے بتایاکہ بیج کو موزوں پھپھوند کش زہر لگاکر کاشت کرنے سمیت فصلوں کا ادل بدل کرکے مرجھائو کی بیماری سے بچا جاسکتاہے۔ انہوںنے کہاکہ ٹنل میں زیادہ نمی ، اگیتے جھلسائو کاباعث بنتی ہے لہٰذا ٹنل کے اندر نمی کو مناسب حد تک رکھاجائے ۔ انہوںنے کہاکہ پچھیتے جھلسائو سے بچنے کیلئے قوت مدافعت کی حامل سبزیات کاشت کی جاسکتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں