پنجاب بھر میں کچن گارڈننگ پروگرام آج سے شروع ہو گا،محکمہ زراعت

پیر 24 ستمبر 2018 15:00

فیصل آباد۔24 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت پنجاب بھر میں کچن گارڈننگ پروگرام آج25 ستمبر منگل سے شروع ہو گا جبکہ صوبہ کے تمام 36اضلاع میں 50 روپے فی پیکٹ کے حساب سے ربیع سیزن کی 8سبزیوں کے ہزاروں پیکٹس فروخت کئے جائیںگے۔محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ کچن گارڈننگ پروگرام کی عوامی مقبولیت کے پیش نظر پورے پنجاب میں یہ پروگرام جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

انہوں نے بتا یا کہ صحت عامہ کے مسائل حل کرنے اور ان میں بہتری لانے کیلئے کچن گارڈننگ کو فروغ دینا انتہائی ضروری ہے جبکہ اس مقصد کیلئے سکول اور ووکیشنل ٹریننگ سینٹرز کے طلباء اورکاشتکاروں کو سبزیوں کی کاشت اور اہمیت بارے تربیت فراہم کی جارہی ہے اور پروگرام کی کامیابی کیلئے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کا بھرپور استعمال کیا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ انسانی صحت کو برقرار رکھنے کیلئے 280گرام سبزی فی کس روزانہ استعمال کرنا ضروری ہے جبکہ پاکستان میں مطلوبہ مقدار سے نصف سبزی روزانہ استعمال کی جاتی ہے جس کی وجہ سے صحت عامہ کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ انہوںنے بتایاکہ گھریلو پیمانے پر جو سبزیاں کاشت کی جاتی ہیں وہ زہروں یا کیمیائی کھادوں کے مضر اثرات سے پاک ہوتی ہیں اور ان کے ذریعے مالی بچت بھی ہوتی ہے کیونکہ بازار سے خریدی گئی سبزیاں مہنگی ہیں اور ان کی خریداری سے گھریلو بجٹ میں اضافہ ہوتاہے۔

انہوںنے اے پی پی کو بتایاکہ گھریلو پیمانے پر خالی برتنوں ، ڈبوں ،کریٹوں ،پلاسٹک کے تھیلوں اور گملوں میں سبزیاں کاشت کی جاسکتی ہیں اور اگر گھر میں جگہ دستیاب نہ ہو تو چھتوں پر بھی سبزیاں کاشت کی جاسکتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں