معتدل اور خشک موسم ٹماٹر کی زیادہ پیداوار کیلئے موزوں ہے، ماہرین

بدھ 19 دسمبر 2018 15:06

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2018ء) ٹماٹر کے کاشتکاروں کو نرسری کی منتقلی کے لئے زمین کو اچھی طرح تیارکرنے کی ہدایت کی گئی ہے اورکہاگیاہے کہ کاشتکار کھیت میں مٹی پلٹنے والا ہل چلائیں اور بعدازاں 2 مرتبہ کلٹیویٹر چلا کر زمین کو کھلا چھوڑ دیا جائے تاکہ زمین کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہو سکے۔ ماہرین زراعت نے بتایاکہ ٹماٹر غذائیت کے لحاظ سے بہت اہم سبزی ہے کیونکہ اس میں حیاتین اے ، سی ، ریبوفلیون، تھایامین اور معدنی نمکیات پائے جاتے ہیں جبکہ ٹماٹر کے پھل میں لائیکوپین پائی جاتی ہے جو کہ جسم میںسے فاسد مادوں کے اخراج میں مدد دیتی ہے نیزٹماٹر اپنی خوشنما رنگت اور بہترین ذائقہ کی بدولت ہر طبقہ کے لوگوں میں یکساں مقبول ہے اورٹماٹر پاکستان میں سارا سال ملتا رہتا ہے تاہم معتدل اور خشک موسم ٹماٹر کی زیادہ پیداوار کیلئے موزوں ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وسط اکتوبر سے آخر اکتوبر تک کاشتہ ٹماٹر کی اگیتی فصل کی پنیری وسط سے آخر دسمبر تک کھیت میں منتقلی کے قابل ہوجاتی ہے ۔ پنیر ی منتقلی سے پہلے فی ایکڑ دس تا بارہ ٹن گوبر کی گلی سڑی کھاد میں 20کلو گرام یوریا ملا کر استعمال اورکھیت کی آبپاشی کریں اور وتر آنے پر دو تین ہل بمعہ سہاگہ چلا کر زمین کو کھلا چھوڑ دیں تاکہ جڑی بوٹیاں کاشت سے پہلے اگ آئیں۔

انہوں نے کہاکہ جڑی بوٹیاں اگنے کے بعد دوبارہ ہل چلا کر جڑی بوٹیوں کی تلفی کریں اور کھیت کو کھلا چھوڑ دیں تاکہ دھوپ لگنے سے زمینی بیماریوں کے جراثیم ختم ہوجائیں، بعدازاں زمین تیار کرنے کے بعد 8 سی10انچ گہری چھوٹی کھیلیاں بنائیں۔انہوںنے کہاکہ پنیری منتقلی سے قبل کھیت کی ہلکی آبپاشی کریں اور پنیری کو کھیت سے وتر حالت میں اس طرح اکھاڑیں کہ اس کی جڑیں نہ ٹوٹنے پائیں۔انہوںنے کہاکہ ٹماٹر کی پنیری کھیلیوں کے دونوں طرف 10سینٹی میٹر کے فاصلے پر لگا ئیں اور کھیت کو پانی دیں واضھ رہے کہ ٹماٹر کی اچھی فصل حاصل کرنے کے لیے ان جڑی بوٹیوں کی تلفی بہت ضروری ہے ۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں