کپاس کی کاشت سے چنائی تک کاشتکاروں کو حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کی ہدایت

پیر 20 مئی 2019 15:11

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2019ء) ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آبادکے ماہرین امراض نباتات نے کہاہے کہ کپاس کی کاشت سے چنائی کے مرحلہ تک فصل پرپود ے کے گلنے، پتہ مروڑ وائرس ، جراثیمی جھلسائو، ٹینڈ ے کی سٹرن ، پودوں کے مرجھائو کا حملہ ہو سکتاہے جبکہ پودے کے گلنے کی بیماری کا سبب رائیزوکٹونیا ، پیتھیم یا فیوزیریم ہوسکتے ہیں لہٰذاکاشتکارحفاظتی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ بعد ازاں انہیں کسی مشکل ، پریشانی یامالی نقصان کا سامنا نہ کرناپڑے۔

ایک ملاقات کے دورا ن انہوںنے کہاکہ کپاس کی فصل پر ہرسال مختلف بیماریاں حملہ آور ہوتی ہیں جن کی وجہ وائرس، پھپھوند، بیکٹیریا اور نیماٹوڈ زہوسکتے ہیںجبکہ فصل کپاس پران بیماریوں کے حملہ کی وجہ سے کاشت کاروں کو معاشی نقصان اٹھانا پڑتاہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ اس بیماری کا حملہ فصل کے آغاز میں ہوتا ہے جس کی وجہ سے نوخیز پودے مرجھاجاتے ہیںکیونکہ اس بیماری کے جراثیم یا تو زمین میں موجود ہوتے ہیں یا بیج کے ساتھ چمٹے ہوتے ہیں لہٰذا کاشتکار اس کے انسدادکیلئے بیج کو پھپھوند زہر تھائیو فینیٹ میتھائل بحساب 2.5گرام فی کلوگرام بیج یا ڈائی فینا کوناذول بحساب 1سی سی فی کلوگرام بیج کے یا کاربینڈا زیم2.5گرام فی کلوگرام بیج کے حساب سے لگا کر کاشت کریں تو اس بیماری کے حملے سے فصل کی مکمل حفاظت ممکن ہے۔

انہوں نے بتایاکہ پتہ مروڑ وائرس کی بیماری ایک وائرس کی وجہ سے پھیلتی ہے اور اس وقت کپاس کی فصل کو سب سے زیادہ نقصان پہنچانے والی بیماری سمجھی جاتی ہے جس میں پتے کی سطح چڑمڑ ہوجاتی ہے ،پتے کی نسیں موٹی ہوجاتی ہیں اور پتے کو سورج کے سامنے کرکے دیکھنے پر واضح طورپر دیکھی جاسکتی ہیں۔ انہوںنے بتایاکہ پتے کے نیچے نسوں سے چھوٹے چھوٹے پتے نکل آتے ہیںنیز شدید حملے کی صورت میں پتے اوپر کی طرف مڑ کرپیا لے کی شکل اختیار کرلیتے ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ سفید مکھی اس وائرس کو متاثرہ پودوں سے تندرست پودوں پر منتقل کرنے کا باعث ہے لہٰذا سفید مکھی کے حملے کی صورت میں بیماری کا حملہ بھی شدت اختیار کر جاتاہے۔انہوںنے بتایاکہ چونکہ کپاس کی فصل کے علاوہ اس بیماری کے جراثیم بہت سی دوسری فصلوں اور جڑی بوٹیوں پر بھی پرورش پاتے ہیںلہٰذااس بیماری کے انسداد کیلئے قوت مدافعت رکھنے والی کپاس کی اقسام محکمہ زراعت کے مشورہ سے کاشت کی جائیں۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں