ماہرین زراعت نے دالوں کی کمی دور کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ مونگ و ماش کی کاشت کی ہدایت کر دی ، 25 مئی سے 15 جون تک کا وقت آئیڈیل قرار دے دیاگیا

جمعہ 24 مئی 2019 15:08

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے دالوں کی کمی دور کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ مونگ و ماش کی کاشت کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار موسم خریف کے دوران جلد پک کرتیار ہونے والی مونگ و ماش کی فصل کا شت کرکے جہاں کثیر زرمبادلہ کما سکتے ہیں وہیں ملک سے دالوں کی کمی کو دور کرنے میں بھی معاون ثابت ہو سکتے ہیں ۔

ایک ملاقات کے دوران انہوںنے بتایاکہ مونگ اور ماش کی کاشت کیلئے 25 مئی سے 15جون تک کا وقت آئیڈیل ہوتاہے تاہم یہ کاشت 30جون تک بھی مکمل کی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کاشتکار زمین کی تیاری کیلئے گہر اہل چلا کر زمین کو نرم و بھربھرا کرلیں اور فصل کو قطاروں میں کاشت کیاجائے تاکہ گوڈی کرنے اور جڑی بوٹیوں کی تلفی میں آسانی رہے۔ انہوںنے کہاکہ فصل کے اگائو سے پہلے بوٹی مار زہروں کا سپرے بھی ضروری ہے ۔

انہوںنے کہاکہ اگر دالوں کو وٹوں پر کاشت کیاجائے تو ان کی پیداوار میں زبردست اضافہ ہو سکتاہے جبکہ موسم برسات میں ہونے والی بارشوں سے بھی فصل محفوظ رہتی ہے ۔ انہوںنے بتایاکہ جب مونگ اور ماش کی فصل پر پھولوں کے آنے کا مرحلہ شروع ہو تو ماہرین زراعت کی مشاورت سے آبپاشی کاسلسلہ بھی شروع کردینا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں