ملک میں افراط زرکی شرح میں 0.09 فیصد کی معمولی کمی،7 اشیاء کی قیمتوں میں کمی،21 میں اضافہ، 25 کی قیمتوں میں استحکام رہا

بدھ 26 جون 2019 13:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2019ء) گزشتہ ہفتے کے دوران ملک میں افراط زرکی شرح میں پیوستہ ہفتے کے مقابلے میں 0.09 فیصد کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، ہفتہ میں 7 اشیاء کی قیمتوں میں کمی، 21 میں اضافہ جبکہ 25 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ پاکستان بیوروبرائے شماریات کے اعدادوشمارکے مطابق 20 جون کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران کمبائنڈ گروپ کیلئے قیمتوں کا حساس اشاریہ (ایس پی آئی( 257.41 پوائنٹ ریکارڈ کیا گیا جو پیوستہ ہفتے کے مقابلے میں0.09 فیصد کم ہے۔

سب سے کم آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے مہنگائی کی شرح 236.88 پوائنٹ سے گرکر236.68 پوائنٹ ہوگئی، کمی کا تناسب 0.08 فیصد رہا۔ اعدادوشمارکے مطابق 8 ہزارایک روپے سے لیکر 12 ہزار، 12 ہزارایک روپے سے لیکر18 ہزار، 18 ہزارایک روپے سے لیکر35ہزار اور35 ہزارروپے سے لیکرزیادہ آمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.13 ، 0.13، 0.11 اور0.04 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

(جاری ہے)

اعدادوشمارکے مطابق ہفتہ میں 7 اشیاء کی قیمتوں میں کمی، 21 میں اضافہ جبکہ 25 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ جن اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ان میں پیاز، چکن، ٹماٹر، کیلا، ایل پی جی سلنڈر، چینی اور اری چاول شامل ہیں۔سگریٹ، سبزیوں، گھی، آٹا، لہسن، دال ماش، دال مونگ، ڈبل روٹی، بناسپتی گھی، بڑاگوشت، انڈوں، دال مسور، باسمتی چاول اوردودھ ومٹن سمیت 21 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ رہا۔ خشک دودھ، سرسوں کے تیل، آلو، نمک، سرخ مرچ، پیکٹ ٹی، بجلی وگیس سمیت 25 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں