فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع میں گزشتہ ایک سال کے دوران مختلف شجر کاری مہمات میں 6لاکھ سے زائد نئے پودے لگادیئے گئے،پلانٹ فار پاکستان مہم کے دوران ڈویژن بھر میں 8لاکھ نئے پودے لگانے کا عمل برق رفتاری سے شروع ،صرف محکمہ جنگلات کی جانب سے ضلع فیصل آباد میں ایک لاکھ 20 ہزار ‘ٹوبہ ٹیک سنگھ میں دو لاکھ 80 ہزار ‘ جھنگ میں دو لاکھ 75 ہزار اور ضلع چنیوٹ میں ایک لاکھ 25 ہزار پودے لگائے جائیں گے

پیر 19 اگست 2019 15:51

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2019ء) فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد ، جھنگ ،ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ میں گزشتہ ایک سال کے دوران مختلف شجر کاری مہمات میں 6لاکھ سے زائد نئے پودے لگادیئے گئے ہیں اور وزیر اعظم عمران خان و وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق پلانٹ فار پاکستان مہم کے دوران ڈویژن بھر میں 8لاکھ نئے پودے لگانے کا عمل برق رفتاری سے شروع کر دیا گیا ہے جن میں سے صرف محکمہ جنگلات کی جانب سے ضلع فیصل آباد میں ایک لاکھ 20 ہزار،ٹوبہ ٹیک سنگھ میں دو لاکھ 80 ہزار، جھنگ میں دو لاکھ 75 ہزار اور ضلع چنیوٹ میں ایک لاکھ 25 ہزار پودے لگائے جائیں گے اسی طرح پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی فیصل آباد کی جانب سے شہر میں اب تک 73ہزار پودے لگائے جا چکے ہیں اور مزید 60ہزار پودے لگانے کا کام جاری ہے،مزید برآں ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے 7ہزار ممبران فی کس 10پودوں کے حساب سے 70ہزار پودے لگا رہے ہیں جبکہ ایک لاکھ پودے محکمہ دفاع، ایک لاکھ دیگر محکمے اور تین لاکھ پرائیویٹ اداروں کی طرف سے لگانے کا ہدف بھی مقرر کر دیا گیا ہے نیز ڈویژن کی تمام ہائوسنگ کالونیز کو فی کنا ل تین سایہ دار پودے لگانے کا پابند بنا یا گیا ہے تاکہ یہ علاقے سرسبزی و شادابی کا خوبصورت منظر پیش کر سکیں، دوسری جانب پی ایچ اے نے بھی نیاموآنہ اور ملت ٹائون کے قریب دستیاب اراضی پر اربن فاریسٹ قائم کرنے کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے نیز یونیورسٹیز، واسا، ایف ڈی اے، پی ایچ اے ،محکمہ اوقاف،تعلیم، صحت، لائیو سٹاک، محکمہ انہار اور دیگر محکموں کو بھی بڑی تعداد میں نئے پھولدار و پھلدار پودے لگانے کا ٹارگٹ تفویض کر دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

محکمہ جنگلات فیصل آباد ریجن کے ترجمان نے بتایاکہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں فیصل آباد کو صوبہ کا سب سے بہترین سر سبز و شاداب علاقہ بنایا جائے گا۔انہوں نے بتایاکہ عوام میں شجر کاری کی اہمیت وافادیت کو اجاگر کرنے کیلئے ڈویژن کے مختلف مقامات پر آگاہی کیمپس لگائے گئے ہیں جہاں سے شہریوں کو شجرکاری کی معلومات پر مبنی پمفلٹس اور دیگر لٹریچر فراہم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ فیصل آباد ڈویژن میں پلانٹ فار پاکستان مہم کا آغاز گٹ والا فاریسٹ پارک میں بیک وقت مختلف اقسام کے 500پودے لگا کر کیا گیا جس کے مہمان خصوصی کمشنر فیصل آباد ڈویژن تھے۔انہوں نے بتایاکہ شجرکاری کا قومی فریضہ بھر پور توجہ اور مکمل ذمہ داری کا متقاضی ہے تاکہ لگائے جانے والے پودوں کو بہتر نگہداشت سے پروان چڑھا کر آئندہ نسلوں کو صحت مند اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے بتایاکہ ڈویژن بھر میں ایک تحریک کی صورت میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جا رہے ہیں جس کیلئے محکمہ جنگلات کی طرف سے اپنی بھر پور خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری کو ایک سماجی ذمہ داری سمجھتے ہوئے نجی شعبے کو بھی قومی جذبے کے ساتھ آگے آنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز کے شعبہ با ٹنی و فاریسٹ کے ماہرین کو چاہیے کہ وہ مقامی ماحول اور آب و ہوا کے مطابق پروان چڑھنے والے پودوں کی اقسام کی پرورش کیلئے تربیت اور شہریوں میں شجرکاری کی ترغیب پیدا کرنے کیلئے وسیع پیمانے پر آگاہی مہم شروع کریں جبکہ پودے لگانے کے متاثرکن پیغام پر مبنی پمفلٹ کا ڈیزائن تیار کیا جائے جس کی وسیع پیمانے پر اشاعت کی جائیگی ۔

انہوں نے درختوں کی اہمیت و افادیت کا ذکر کرتے ہوئے شجرکاری کے سلسلے میں حکومتی ترجیحات کو کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کیا ۔انہوںنے کہاکہ شہری خوبصورتی اورجمالیاتی حسن کو اجاگر کرنے میں پی ایچ اے کا کردار بھی انتہائی اہمیت کاحامل ہے کیونکہ سرسز و شاداب اورخوشنما ماحول کے باعث شہریوں کے مزاج و خیالات اور رویوں پر خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ فضائی آلودگی اور گرد و غبار پر قابو پانے کیلئے درختوں کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا لہٰذ ا شہری علاقوں میں دستیاب جگہوںپربڑے درخت لگا کرانکی بھر پور حفاظت کر نا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے پودوں کے حصول کیلئے سائنسی خطوط پر جدید نرسریز کے قیام کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ مقامی آب و ہوا اور ماحول کے مطابق ان پودوں کی پرورش کی جا سکے۔

انہوںنے بتایاکہ پی ایچ اے کی جانب سے بھی شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے جس کے تحت نہ صرف پی ایچ اے رواں سیزن میں 61ہزار755پودے لگارہی ہے بلکہ ہلال احمر چوک،مدنی چوک سمن آباد،ستیانہ روڈ چوک اور دیگر چوکوں کی ری ماڈلنگ بھی کی گئی ہے جس سے شہر کی خوبصورتی میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ پلانٹ فار پاکستان مہم حکومت کا انقلابی قدم ہے کیونکہ درختوں کی کمی کو پورا کرنے کیلئے وسیع بنیادوں پر شجرکاری کی ضرورت ہے لہٰذ ا ہر شہری کو پودا لگا کر اپنا قومی فرض ادا کرنا چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ سر سبز پاکستان کی منزل حاصل کرنے کیلئے عزم و جذبے کے ساتھ پودے لگا کر ان کی بھر پور انداز میں آبیاری بھی ضروری ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ محکمہ جنگلات کے افسران سے کہا گیا ہے کہ وہ شجرکاری کیلئے شہریوں میں احساس و ترغیب پیدا کرنے کیلئے بھر پور آگاہی مہم پر عمل کریں اور درخت لگانے کے متعلق مکمل تکنیکی رہنمائی بھی فراہم کی جائے ۔

دوسری جانب وزیراعظم پاکستان کے پلانٹ فار پاکستان پروگرام کے تحت زرعی یونیورسٹی فیصل آبا د کے ملازمین نے فی کس دو دو پودے لگاکر فیصل آباد سٹی میں سب سے زیادہ پودے لگانے والی جامعہ کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ اس حوالے سے ایک خصوصی تقریب جامعہ کے فتح ہال کے پہلو میں منعقد ہوئی جس میں کمشنر فیصل آباد ڈویژن محمود جاوید بھٹی ،یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) اور گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خاں کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد سرور (تمغہ ٴ امتیاز) نے خصوصی طور پر شرکت کی اور املتاس ،تبوبیہ اور جامن کے پودے لگاکر قومی مہم کا آغاز کیا۔

اس موقع پر کمشنر فیصل آباد ڈویژن جاوید محمود بھٹی نے کہا کہ آج وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق ہر شہری دو پودے لگا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد جیسے گرین کیمپس میں شجرکاری مہم کا حصہ بنتے ہوئے وہ مطمئن اور مسرور ہیں کہ یہ جامعہ شہریوں کیلئے مزید آکسیجن پیدا کرنے میں ہمیشہ کی طرح مثالی کردار ادا کرتی چلی آ رہی ہے ۔

انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ اپنے ساتھ ساتھ اپنے ہر فیملی ممبرکودرخت لگانے کی مہم کا حصہ بنائیں اور خاص طو رپر بچوں میں یہ تعمیری شغف ضروراجاگر کریں تاکہ موسمیاتی تغیرات کے بڑھتے ہوئے اثرات کو کم کیا جا سکے۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز ) نے کہا کہ یونیورسٹی اور اس کے ذیلی کیمپسز میں امسال 5لاکھ سے زائد درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ اس مہم کے دوران تدریسی و انتظامی سٹاف اور طلباء طالبات زیادہ سے زیادہ پھل دار اور سایہ دار پودے لگاکر مہم کو آگے بڑھائیں۔

انہوں نے بتایا کہ آج سے پہلے یونیورسٹی میںشجرکاری مہم کے دوران ہزاروں پودے لگائے جا چکے ہیں جبکہ آج یونیورسٹی کے گارڈننگ ونگ سے ساڑھے پانچ ہزار پودے جاری کئے گئے ہیں اور ان کی ٹیم لگائے جانیوالے تمام پودوں کا مکمل ڈیٹابیس مرتب کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں، زمینی کٹائو اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کی بڑی وجہ درختوں کی کمی یا ان کی کٹائی ہے لہٰذا وہ سمجھتے ہیں کہ عمران خان کی قیادت میں حکومت نے پوری قوم کے اندر درختوں کی اہمیت کا جو شعور اُجاگر کیا ہے وہ حوصلہ افزاء اور شیریں نتائج دے رہا ہے اور وہ دن دور نہیں جب مقرر کئے گئے حکومتی اہداف کامیابی سے حاصل کر لئے جائیں گے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں