وفاقی حکومت کے زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے 287ارب روپے کے پیکیج کے دوررس نتائج برآمد ہونگے،ڈاکٹر محمد اشرف

منگل 15 اکتوبر 2019 15:27

فیصل ۱ٓباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے انڈومنٹ فنڈ نے 12نئے تحقیقی منصوبوں کی منظوری دے دی ہے جبکہ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ منظوری حاصل کرنے والے منصوبے زرعی شعبہ کی ترقی میں حصہ دار ہونگے جس سے اس اہم شعبہ کو درپیش مشکلات کم کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں 90فیصدزرعی سرگرمیاں 5ایکڑ سے کم رقبوں کے ذریعے کی جا رہی ہے اور ایسے چھوٹے کاشتکاروں کیلئے چھوٹے مگر سستے زرعی آلات ‘ کھادوں اور دوسری ٹیکنالوجی کی فراہمی انتہائی اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے 287ارب روپے کا جو پیکیج دیا ہے اس کے بڑے دوررس نتائج برآمد ہونگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 40فیصد کے لگ بھگ پھل اور سبزیاں کھیت سے صارف کی میز تک پہنچنے کے دوران ضائع ہوجاتی ہیں جنہیں ویلیو ایڈیشن کا حصہ بناکر بچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں سیڈپروڈکشن سنٹر قائم کرنے کے ساتھ ساتھ سستی زرعی مشینری کی ریور س انجینئرنگ میں سنجیدہ کاوشیں بروئے کار لائی جائیں گی جس سے پاکستان میں سستی اور معیاری چھوٹی مشینری کی تیاری میں مدد ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں معیار تعلیم پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور سٹوڈنٹ ٹیچر ریشو کو بین الاقوامی معیار کے مطابق لانے کیلئے فی الوقت وزٹنگ فیکلٹی کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ ریگولر تدریسی و انتظامی سٹاف کیلئے اشتہار جلد اخبارات کو بھیج دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فارمیسی کونسل کی طرف سے یونیورسٹی میں فارم ڈی ڈگری پروگرام کیلئے این او سی جاری کر دیا گیا ہے جس کے بعد اہل اُمیدواروں سے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔

انہوں نے اس عزم کااظہار کیا کہ جلد ہی یونیورسٹی کو دنیا کی 500بہترین جامعات کی فہرست کا حصہ بنایا جائے گا جس کیلئے بنیادی نوعیت کا کام شروع کر دیاگیا ہے۔انڈومنٹ فنڈ سیکریٹریٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمود احمد رندھاوا نے کہا کہ ماہرین کی طرف سے جمع کروائے گئے تحقیقی منصوبوں میں صرف ایسے منصوبوں کو ہی فنڈنگ کی جا رہی ہے جن کی تکمیل سے زرعی ترقی کیلئے زادِ میسر آ سکے۔

انہوں نے بتایا کہ 2006 ء میں یو ایس ڈی اے کی جانب سے 650ملین روپے کے انڈومنٹ فنڈکے وسائل آج بڑھ کر 915ملین روپے تک پہنچ گئے ہیں ۔اجلاس نے سال 2019-20ء کیلئے 88ملین روپے کے بجٹ تخمینہ جات کی بھی منظوری دی۔انہوں نے بتایا کہ ہمیں پہلے سے جاری تحقیقی منصوبوں کیلئے 3ملین جبکہ نئے تحقیقی منصوبوں کی فنڈنگ کیلئے 4.400ملین روپے درکار ہونگے جس کی ہائوس نے منظوری دی۔اجلاس میں ٹریژرطارق سعید‘ ڈائریکٹر جنرل زرعی توسیع پنجاب ڈاکٹر انجم علی بٹر‘ ترقی پسند کاشتکار سید فیصل حسن شاہ‘ ڈاکٹر نعیم محمود‘ رانا عامر سعید و دیگر شریک تھے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں