منافع بخش کاشت میں دیسی کھادیں بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہیں، ماہرین زراعت

جمعرات 17 اکتوبر 2019 14:33

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) ماہرین زراعت نے کہا کہ سبزیوں کی منافع بخش کاشت میں دیسی کھادیں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں لہٰذا کاشتکار سبزیوں کی کاشت سے قبل گوبر کی گلی سڑی کھاد کھیتوں میں ضرور ڈالیں تاکہ زمین کو ذرخیز بنانے میں مدد مل سکے، زمین کے کیمیائی تجزیے کے بعد کھیتوں میں اجزائے صغیرہ اور کبیرہ کی صحیح مقدار ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے عملہ کی مشاورت استعمال کی جائے تاکہ کاشتکاروں کو بہتر پیداوار حاصل کرنے میں مدد ملے۔

سبزیوں کی کاشت کیلئے چونکہ عام فصلات کی نسبت زیادہ پانی کی ضرورت ہوتی ہے اسلئے زمین کا انتخاب کرتے وقت ایسی زمین کا چنائو کیا جائے جس میں پانی جذب کرنے کی زیادہ صلاحیت موجود ہو ۔ انہوںنے بتایاکہ کاشتکار زمین کی تیاری پر بھر پور توجہ دیں اور اسے نرم و ہموار کرنے کے بعد اس میں اچھا معیاری نسل کا صاف ستھرا، جڑی بوٹیوں سے پاک بہترین روئیدگی کا حامل بیج درست شرح میں استعمال کریں تاکہ بروقت اور بہترین پیداوار کا حصول ممکن بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ بعض سبزیوں کا بیج مختصر عرصے میں ہی خراب ہو جاتاہے اسلئے بیج خریدتے وقت اس بات کا بھی یقین کر لیا جائے کہ بیج کی روئیدگی 80فیصد سے زائد ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبزیوں کی کاشت میں جہاں کھاد و بیج کا استعمال خاص اہمیت رکھتا ہے وہیں وقت کو بھی بنیادی اہمیت حاصل ہے اسلئے سبزیوں کی کاشت علاقائی موسم کے مطابق محکمہ زراعت کے عملہ کی مشاورت سے کی جائے تاکہ بعد میں کاشتکاروں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں