سردی اورکورے کے نقصان دہ اثرات سے بچائو کیلئے باغبانوں کو پودوں کے تنوں پرچونے اور نیلے تھوتھے کے محلول سے فوری سفیدی کی ہدایت

منگل 21 جنوری 2020 13:33

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2020ء) سردی اورکورے کے نقصان دہ اثرات سے بچائو کیلئے باغبانوں کو پودوں کے تنوں پرچونے اور نیلے تھوتھے کے محلول سے فوری سفیدی کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ پودوں کو مضر اثرات سے بچانا ممکن ہو سکے اور سردی کے اثرات کو بھی کم کرنے میں مدد لی جاسکے۔ محکمہ زراعت فیصل آباد ڈویژن کے ترجمان نے بتایاکہ باغات میں پودوں کے تنے کے گرد پرانی بوری یا پرالی لپیٹ کر بھی سردی کااثر کم کیاجاسکتاہے ۔

انہوںنے بتایاکہ موسم سرما میں کیڑے اور بیماریاں پھلوں کے پودوں کو کمزور کردیتی ہیں اس لئے ان کا بروقت تدارک ضروری ہے تاکہ پودے تندرست و توانا رہ سکیں ۔انہوں نے کہاکہ کہر کی متوقع راتوں میں آبپاشی کی جائے کیونکہ اس سے زمین کے درجہ حرارت میں خاطرخواہ کمی نہیں ہوتی اور پودوں کے خلیوں میں پانی کی مقدار بڑھ جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ باغات میں مختلف جگہوں پر گڑھے کھود کر ان میں پتے ، گھاس ، پھوس ،بھوسہ یا پرالی وغیرہ جلا کر دھواں کرنے سے بھی کورے کے اثر کو کم کیاجاسکتاہے۔

انہوںنے بتایاکہ نرسری میں نازک پودے سخت سردی سے بری طرح متاثر ہوتے ہیں اس لئے اگر مناسب احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی جائیں تو یہ پودے مربھی جاتے ہیں لہٰذا ان کو سرکنڈے یا پرالی سے اچھی طرح ڈھانپنا ضروری ہے ۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں