اس سال چاول کی32 فیصدزیادہ پیداواربرآمد کی جائے گی ،ترجمان رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن

منگل 18 فروری 2020 13:59

اس سال چاول کی32 فیصدزیادہ پیداواربرآمد کی جائے گی ،ترجمان رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2020ء) پاکستان رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے رواں سال 36لاکھ ٹن باسمتی چاول بیرون ممالک ایکسپورٹ کرنے کا فیصلہ کیاہے جو گذشتہ سال کے مقابلے میں 32فیصد زائد ہے ۔ ایسوسی ایشن کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ اس سال چاول کی پیداوار 70 سے 71 لاکھ ٹن تک ہونے کا امکان ہے جبکہ اندروں ملک اس کی کھپت و طلب 34سے 35لاکھ ٹن ہے اس طرح باقی بچ جانیوالا تقریباً36لاکھ ٹن چاول برآمد کرکے قیمتی زرمبادلہ حاصل کرنے کیلئے بھر پور اقدامات کو یقینی بنایاجائیگاتاکہ ملک کو معاشی استحکام حاصل ہو سکے۔

انہوںنے بتایاکہ اس سال چاول کی پیداوار میں 6 لاکھ ٹن اضافہ کا امکان ہے کیونکہ گذشتہ سال بعض مقامات پرموسمی تغیرات و سیلابی نقصانات کے باعث یہ پیداوار 64لاکھ ٹن رہی تھی تاہم اس سال بہترین موسمی حالات ، سازگار فضا، دھان کی کاشت کے منصوبہ اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے استفادہ کے باعث پیداوار کا ہدف 70سے 71لاکھ ٹن رکھا گیا ہے اس طرح جہاں ملکی ضروریات کو کما حقہ پورا کرنے میں مدد ملے گی وہیں اضافی پیداوار برآمد کرکے قیمتی زرمبادلہ بھی حاصل کیا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ پاکستانی چاول کی مختلف بیرونی ممالک میں فروخت اور عالمی منڈیوں میں برآمداتی اہداف میں اضافہ کیلئے بھی بھر پور اقدامات کو یقینی بنایاجائیگا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں