مون سون کے دوران زیادہ بارشوں کی صورت میں کاشتکار پودوں کومرجھانے سے بچانے کیلئے 48 گھنٹوں کے اندر اندر پانی کانکاس یقینی بنائیں،ماہرین زراعت کی ہدایت

منگل 14 جولائی 2020 13:25

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2020ء) ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل ۱ٓباد کے ماہرین زراعت نے کہاہے کہ زیادہ بارشیں کپاس کے پودے پر منفی اثرات مرتب کرنے سمیت پودوں کی غیر ثمر دار بڑھوتری میں تیزی لانے کاموجب بن سکتی ہیں لہٰذا کاشتکار پودے مرجھانے سے بچانے کیلئے 48 گھنٹوں کے اندر اندر پانی کانکاس یقینی بنائیں۔

کاشتکاروں کے نام پیغام میںانہوںنے کہاکہ کپاس کے کھیت میں 24گھنٹے سے زیادہ دیر تک پانی کھڑارہنے سے فصل کی بڑھوتری رک جاتی ہے لہٰذاکاشتکار پودے مرجھانے سے بچانے کیلئے 48 گھنٹوں کے اندر اندر پانی کانکاس یقینی بنائیں۔انہوںنے بتایاکہ اگر 24 سی48 گھنٹوں تک بارش کا پانی کپاس کے کھیت میں کھڑارہے تو پودے مرجھانا شروع ہو جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ فصل کو زیادہ پانی کے نقصان سے بچانے کیلئے کپاس کے کھیت میں کھڑاپانی کسی خالی نچلے کھیت میں نکال دیاجائے اور اگر قریب ہی کماد کی فصل کاشت ہو اور اس میں پانی ڈالا جاسکتاہو تو اس کھیت میں پانی ڈال کر اس کے مفید نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ اگر پانی کپاس کے کھیت سے باہر نہ نکالاجاسکتاہو تو کھیت کے ایک طرف لمبائی کے رخ کھائی کھود کر پانی اس میں جمع کردیاجائے۔انہوںنے کہاکہ کپاس کے کھیتوں کے اندر اور باہر دوسری نظر انداز جگہوں پر جڑی بوٹیوں کی بھرمار ہو جاتی ہے جس کے نتیجہ میں نقصان رساں کیڑوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو جاتاہے۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکار موسم برسات کے دوران کسی غفلت کامظاہرہ نہ کرے اور اس ضمن میں ماہرین زراعت کی رہنمائی سے استفادہ یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں