ماہرین زراعت کی باغبانوں کو اکتوبر کے آخر تک کھجور کے نئے پودے لگانے کی ہدایت

بدھ 20 اکتوبر 2021 14:06

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2021ء) ماہرین زراعت نے کہا ہے کہ باغبان روا ں ماہ (اکتوبر) کے آخر تک کھجور کے نئے پودے لگانے کا عمل مکمل کریں، یہ مہینہ کھجور کے نئے پودے لگانے کیلئے موسمی حالات کے مطابق انتہائی موزوں ہے ، کھجور کی کاشت کیلئے پانی کے اچھے نکاس والی زرخیز میرا زمین کا انتخاب کیا جانا چاہیے ،باغبان کھجور کے ایسے پودوں کا انتخاب کریں جن کا وزن 10سے15 کلو گرام تک اور وہ ہر لحاظ سے صحت مند اور بیماریوں سے پاک ہوں۔

ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کے مطابق باغبان پودے نکالنے کیلئے ایک مربع میٹر تک گڑھوں کی لمبائی، چوڑائی، گہرائی تک کھدائی کریں اور گڑھا کھودتے وقت اوپر کی 30سینٹی میٹر مٹی ایک طرف رکھیں اور باقی مٹی الگ رکھ دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پودا لگانے سے قبل گڑھے کو دو سے تین ہفتے تک کھلا چھوڑدینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پودے کی منتقلی سے پہلے نئے پودوں کی جڑیں 10سے12گھنٹے تک پانی میں بھگوئی جائیں اور پودے سے پودے کا فاصلہ 20سے25فٹ رکھا جائے۔

انہوں نے کلور پائریفاس بحساب ایک لیٹر فی 100لیٹر پانی میں ملا کر پودوں کے گھیرے میں سپرے کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ پودے دیمک اور دیگر کیڑوں و بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں مزید معلومات ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی حاصل کی جا سکتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں