غیر ملکی بیف بریڈ کے ملاپ سے زیادہ گوشت والے فربہ جانور حاصل کیے جا سکتے ہیں، ڈائریکٹر لائیو سٹاک

جانوروں کے گوشت کی ضروریات کو پورا کرنے اور لائیو سٹاک سے بھاری منافع کے حصو ل کیلئے مویشی پال حضرات کو جدید رجحانات سے استفادہ کی ہدایت

جمعرات 21 اکتوبر 2021 13:02

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2021ء) ڈائریکٹر محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد ڈویڑن ڈاکٹر اشفاق احمد انجم نے کہا ہے کہ غیر نسلی وکم دودھ دینے والی دیسی گائیوں اور غیر ملکی بیف بریڈ کے ملاپ سے زیادہ گوشت والے فربہ جانور حاصل کیے جا سکتے ہیں جبکہ جانوروں کے گوشت کی ضروریات کو پورا کرنے اور لائیو سٹاک سے بھاری منافع کے حصو ل کیلئے مویشی پال حضرات کو جدید رجحانات سے استفادہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔

ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ چونکہ محکمہ نے اس ضمن میں فری ہیلپ لائن کا اجرا کررکھاہے لہٰذا لائیو سٹاک فارمرز کسی بھی قسم کی رہنمائی، مشاورت، معلومات یا مسئلہ کی صورت میں صبح 9تاشام 5بجے تک فری ہیلپ لائن78686۔78685۔0800پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بڑے معیاری گوشت کے حصول کیلئے محکمہ کی ہدایات پر عمل اور جانوروں و مویشیوں کو گرم کش ادویات کی فراہمی بھی ضروری ہے۔

انہوں نے جانوروں کو وائرس سے بچانے کیلئے چیچڑوں کے فوری خاتمہ کی بھی ہدایت کی اور تمام لائیو سٹاک فارمرز، زمینداروں و کسانوں سے کہا کہ چونکہ موسمی تغیرات کے باعث کانگو وائرس کے جانوروں پر حملہ کا خدشہ ہو سکتاہے لہٰذا وہ کانگو وائرس سے بچاؤ کیلئے فوری طور پر اپنے جانوروں میں چیچڑوں کا خاتمہ یقینی بنائیں تاکہ بعد ازاں انہیں کسی مشکل، پریشانی یا مالی نقصان کا سامنانہ کرناپڑے۔

انہوں نے کہا کہ جانوروں میں چیچڑوں سے پیداہونے والا کانگووائرس جہاں جانوروں کاخون چوس کر انہیں کمزور کرسکتاہے وہیں وہ بخار سمیت کئی دیگر بیماریاں پھیلانے کا موجب بھی بنتاہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر بیمار جانور کا گوشت یا دودھ انسان استعمال کرے تو جانور کی بیماریاں انسانوں میں منتقل ہونے کا بھی خدشہ ہوتاہے۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں حکومت کی جانب سے محکمہ لائیو سٹاک کے عملہ کو بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ مذکورہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں