کاشتکاروں کوکورے کی متوقع راتوں میں فصل کی ہلکی آبپاشی کی ہدایت، محکمہ زراعت

جمعرات 2 دسمبر 2021 13:27

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2021ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو کورا پڑنے کی متوقع راتوں میں گندم کی فصل کی ہلکی آبپاشی کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ چونکہ پانی لگانے کی صورت میں کھیت کا درجہ حرارت اچانک کم نہیں ہوتا اور پودوں میں کورے کے خلاف قوت مدافعت بھی پیدا ہو جاتی ہے لہٰذا فصل کو نقصان پہنچنے کا احتمال نہیں رہتااور کاشتکاروں کو اچھی فصل حاصل کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع خالد اقبال نے کہاکہ گندم کو سردی اور کورے سے محفوظ رکھنے کیلئے بروقت حفاظتی اقدامات ضروری ہیں کیونکہ فصل کی جس قدر بہتر نگہداشت کی جائے گی اسی قدر بہتر پیداوار کا حصول ممکن ہو سکتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ گندم کی زیادہ اگیتی اور زیادہ پچھیتی کاشتہ فصل کو کورے کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے یوریا کی مناسب مقدار استعمال کی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اے پی پی کو بتایاکہ اگر کاشتکار زمین کے وتر آنے پر فوری گوڈی کریں تو کھیت میں محفوظ نمی اوپر آنے سے کھیت کا درجہ حرارت کم نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ کور ا پڑنے کی متوقع راتوں میں گندم کے کھیتوں کے کنارے مختلف جگہوں پر اگر گڑھے کھود کر ان میں بھوسہ وغیرہ بھر دیں اور اسے آگ لگا کر اوپر کوئی چیزرکھ دیں تو اس سے نکلنے والے دھوئیں کے باعث فصل کورے سے محفوظ رہ سکتی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ شدید کورے کی صورت میں کاشتکار 2کلوگرام یوریا فی ایکڑ 100لیٹر پانی میں ملا کر بھی سپرے کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر کاشتکار فصل کو نقصان سے بچائیں تو فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے حصول کو یقینی بنایا جاسکتاہے۔
انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رہنمائی حاصل کی جاسکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں