اومان ایئر کو فیصل آباد سے براہ راست پروازوں کا سلسلہ شروع کرنے کیلئے یہاں اپنا دفتر قائم کرنا چاہیے،قائم مقام صدر فیصل آباد چیمبر

منگل 16 اکتوبر 2018 00:03

اومان ایئر کو فیصل آباد سے براہ راست پروازوں کا سلسلہ شروع کرنے کیلئے یہاں اپنا دفتر قائم کرنا چاہیے،قائم مقام صدر فیصل آباد چیمبر
فیصل آباد۔ 15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) اومان ایئر کو فیصل آباد سے براہ راست پروازوں کا سلسلہ شروع کرنے کیلئے فوری طور پر یہاں اپنا دفتر قائم کرنا چاہیے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے قائم مقام صدر میاں تنویر احمد نے بین الاقوامی مارکیٹنگ ایجنسی جیری کے نمائندے صفدر کمال، اومان ائیر کے اسسٹنٹ سیلز مینجر محمد ادریس اور کارپوریٹ سیلز ایگزیکٹو فہد علی خاں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

میاں تنویر احمد نے کہا کہ فیصل آباد 80 لاکھ کی آبادی کا ضلع ہے جبکہ یہاں جدید ہوائی اڈا بھی موجودہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف بین الاقوامی فضائی کمپنیوں نے اس شہر سے سفر کرنے والوں کے اعداد و شمار کے پیش نظر یہاں سے پہلے ہی براہ راست پروازوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد کو ٹیکسٹائل کی برآمدات کے سلسلہ میں کلیدی اہمیت حاصل ہے۔

یہاں سے بڑی تعداد میں برآمد کنندگان متواتر دوسرے ملکوں کے دورے کرتے ہیں جبکہ اس طرح دوسرے ملکوں کے خریدار بھی اکثر و بیشتر فیصل آباد آتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پی آئی اے کے علاوہ کئی دوسری غیر ملکی فضائی کمپنیاں بھی یہاں سے براہ راست پروازیں چلا رہی ہیں اور توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں فیصل آباد کی ترقی اور یہاں سے برآمدات میں اضافہ کے ساتھ ہی یہاں سے اس وقت سالانہ سفر کرنے والے 5 لاکھ مسافروں کی تعداد بڑھ کر 8 لاکھ تک پہنچ جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ موٹر وے ایم تھری کے بعد ایم فور اور لاہور ، کراچی موٹروے کی تعمیر سے اردگرد سے بھی لوگوں کی بڑی تعداد لاہور یا اسلام آباد جانے کی بجائے فیصل آباد سے سفر کرنے کو ترجیح دے گی ۔ اس لئے اومان ائیر کو فوری طور پر فیصل آباد سے براہ راست پروازیں شروع کرنے کی منصوبہ بندی کرنا ہو گی۔ اس سے قبل اومان ائیر کے اسسٹنٹ سیلز مینجر محمد ادریس نے بتایا کہ انہوں نے فیصل آباد چیمبر کے ممبروں کو آٹھ فیصد تک ڈسکائونٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت لاہور سے مسقط کیلئے دس پروازوں کے علاوہ لاہور سے لندن کیلئے دو پروازیں بھی کامیابی سے چلائی جا رہی ہیں۔ مزید برآں فیصل آباد چیمبر کے ممبروں کو 30 کلو سامان کے علاوہ 10سے 15 کلو تک اضافی سامان لانے یا لے جانے کی بھی اجازت ہو گی جبکہ یہ سہولت ابتدائی طور پر ایک سال کیلئے ہو گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس طرح اومان ائیر فیصل آباد چیمبر کے ممبروں کو دوسرے ملکوں میں چھٹیاں منانے کیلئے خصوصی پیکج بھی دے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ چونکہ اومان ائیر کے دفاتر ملک بھر میں نہیں اس لئے ٹکٹوں کے حصول کیلئے بین الاقوامی ادارے’’ گری‘‘ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ اس موقع پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سابق سینئر نائب صدر رانا سکندر اعظم کے علاوہ ایگزیکٹو ممبر حبیب الرحمن گل اور غضنفر اعوان بھی موجود تھے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں