حکومت کا ٹیکسٹائل سمیت دیگر 5 اہم برآمدی شعبوں کو یکساں نرخوں پر گیس مہیا کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے، ظفر اقبال

منگل 23 اکتوبر 2018 15:37

حکومت کا ٹیکسٹائل سمیت دیگر 5 اہم برآمدی شعبوں کو یکساں نرخوں پر گیس مہیا کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے، ظفر اقبال
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) حکومت کا ٹیکسٹائل سمیت دیگر 5 اہم برآمدی شعبوں کو یکساں نرخوں پر گیس مہیا کرنے کیلئے 44 ارب روپے کی سبسڈی دینے کا فیصلہ خوش آئند ہے جبکہ اس اقدام سے ٹیکسٹائل کیلئے برآمد کی جانے والی مصنوعات کی پیداوار ی لاگت کو کم کر کے عالمی منڈیوں میں مسابقت کی پوزیشن پر لایا جا سکے گا۔

فیصل آباد کے ٹیکسٹائل سیکٹر کے معروف صنعتکار ظفر اقبال سرور نے وفاقی دارالحکو مت میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے اپنی خدمات کے اعتراف میں طلائی تمغہ حاصل کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ حکومت نے ٹیکسٹائل پالیسی کی تیاری کے سلسلہ میں ان کی کوششوں کو سراہا اور کہا ہے کہ اس پالیسی پر عمل درآمد سے نہ صرف ٹیکسٹائل سیکٹر کو موجودہ بحران سے نکالا بلکہ مجموعی ملکی برآمدات میں بھی اس کے حصے کو مزید بڑھایا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان بنیادی طور پر زرعی ملک ہے اور یہاں زراعت پر مبنی صنعتوں کے قیام کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کپاس کی وجہ سے پاکستان کو ٹیکسٹائل کی مصنوعات کی تیاری میں اہم مقام حاصل ہے تاہم اب بھی اس شعبے میں بڑے پیمانے پر ویلیو ایڈیشن کی ضرورت ہے تاکہ ان مصنوعات کی برآمدات سے زیادہ سے زیادہ زرمبادلہ کمایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پالیسی سازی میں بزنس کمیونٹی کی براہ راست شرکت کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے کیونکہ موجودہ بحرانوں سے نکلنے کیلئے حکومت، عوام اور خاص طور پر بزنس کمیونٹی کو مل کر جدوجہد کرنا ہو گی۔ظفر اقبال سرور نے وزیر اعظم عمران خان کی پالیسیوں کو سراہا اور کہا کہ کرپشن کے خاتمے سے پاکستان بہت جلد دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائے گا ۔ انہوں نے اس سلسلہ میں وزیر خزانہ اسد عمر کا بھی شکریہ ادا کیا جو معاشی پالیسیوں کی تشکیل کے سلسلہ میں تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کر رہے ہیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں